ریاستی حکومت کو ترقی کی کوئی پروا نہیں:کمار سوامی

RushdaInfotech February 23rd 2021 urdu-news-paper
ریاستی حکومت کو ترقی کی کوئی پروا نہیں:کمار سوامی

منڈیا۔22فروری (سالارنیوز)حکومت کو ریاست کی مجموعی ترقی کے بارے میں کوئی فکر نہیں ہے،صرف پیسہ لوٹنے میں مصروف ہے۔یہ بات سابق وزیر اعلیٰ ایچ ڈی کمار سوامی نے کہی۔انہوں نے یہاں بھارتی نگر کے آنور دیہات میں ایک نجی تقریب میں شرکت کے بعد اخباری نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کاویری طاس علاقے کیلئے پچھلی مخلوط حکومت کے دوران تقریباً 6ہزارکروڑ روپئے سے زیادہ کے تعمیری کاموں کیلئے منظوری دی گئی تھی، مگر موجودہ حکومت نے یہ فنڈ واپس طلب کرلیاہے جوانتقامی سیاست کے سواکچھ نہیں ہے۔ریاستی حکومت کو مجموعی ترقی کی کوئی پروانہیں ہے صرف رقم لوٹنے کے کام میں مصروف ہے۔دیہی قیام اچھاپروگرام ہے،اس سے قریوں کے مسائل جاننے کا موقع ملے گا۔مگر افسروں کو آزادانہ طور پر فیصلہ کرنے کیلئے حکومت کی طرف سے فنڈ کی فراہمی بھی ضروری ہے بغیر فنڈ کے کسی بھی افسر سے کوئی ترقی ممکن نہیں ہوسکتی۔انہوں نے کہاکہ مرکزی حکومت کے اگریکلچر ایکٹ کے معاملے کولے کر مختلف ریاستوں کے کسان ہزاروں کی تعداد میں احتجاج کررہے ہیں،ملک کی ہر ایک ریاست میں کوئی نہ کوئی مسئلہ ہے۔وزیر اعظم کو چاہئے کہ کسانوں کے معاملے میں جلد کوئی فیصلہ کریں اور احتجاجی کسانوں سے راست بات چیت کرکے انہیں اعتماد میں لینے کی کوشش کریں۔کمار سوامی نے کہاکہ سیاست کے بارے میں بحث کرنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے،مگرتنقید ضروری ہے،ہماری طرف سے کئے گئے ترقیاتی کاموں کے تعلق سے عوام اچھی طر ح واقف ہیں اور عوام ہی فیصلہ کریں گے۔


Recent Post

Popular Links