مظفر نگر: کسانوں اور بی جے پی کارکنوں میں تصادم کئی افراد زخمی،26فروری کو مہاپنچایت کا اعلان

RushdaInfotech February 23rd 2021 urdu-news-paper
مظفر نگر: کسانوں اور بی جے پی کارکنوں میں تصادم  کئی افراد زخمی،26فروری کو مہاپنچایت کا اعلان

مظفر نگر-22فروری(ایجنسی)مظفر نگر کے سیاسی طور پر بااثر گاوں سورم میں پیر کے روز بی جے پی کارکنوں اور کسانوں کے درمیان پرتشدد تصادم کا واقعہ پیش آیا جس کے بعد علاقے میں حالات کشیدہ ہیں۔ اس تصادم میں نصف درجن سے زیادہ لوگ زخمی ہوئے ہیں۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ تصادم مرکز کی مودی حکومت میں وزیر سنجیو بالیان کی موجودگی میں ہوا۔ گاوں والوں کا الزام ہے کہ سنجیو بالیان کے خلاف ماحول دیکھ کر ان کے حامیوں نے کسانوں پر لاٹھی ڈنڈوں سے حملہ کر دیا۔ اس واقعہ سے ناراض ہزاروں کسانوں نے تھانہ کا گھیراو کیا اور نعرے بازی بھی کی۔ تازہ ترین اطلاعات کے مطابق آئندہ 26 فروری یعنی بروز جمعہ سورم گاوں میں مہاپنچایت کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ کچھ چشم دید افراد کے مطابق سورم گاوں میں کسانوں نے وزیر اور مقامی رکن پارلیمنٹ سنجیو بالیان کے پہنچنے کے بعد کسان ایکتا زندہ باد اور بی جے نیتا واپس جاو کا نعرہ بلند کرنا شروع کر دیا تھا-
اس نعرہ بازی سے وزیر سنجیو بالیان کے حامی مشتعل ہو گئے اور دونوں فریقین میں مار پیٹ ہو گئی۔ اس کے فورا بعد سورم میں پنچایت شروع ہو گئی اور خبر لکھے جانے تک ہزاروں کی تعداد میں کسانوں نے شاہ پور تھانہ کا گھیراو شروع کر دیا-
معاملہ طول پکڑ چکا ہے اور علاقے میں کافی گہما گہمی بھی دیکھنے کو مل رہی ہے-


Recent Post

Popular Links