میانمار میں دو مظاہرین کی ہلاکت، ’طاقت کا بہیمانہ استعمال ناقابل قبول‘:اقوام متحدہ

RushdaInfotech February 22nd 2021 urdu-news-paper
میانمار میں دو مظاہرین کی ہلاکت، ’طاقت کا بہیمانہ استعمال ناقابل قبول‘:اقوام متحدہ

جینوا -21فروری(ایجنسی)اقوام متحدہ نے میانمار میں فوجی بغاوت کے خلاف احتجاج کرنے والے دو مظاہرین کی ہلاکت کی شدید مذمت کی ہے-فرانسیسی خبر ایجنسی اے ایف پی کے مطابق اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انتونیو گتریس نے اتوار کو مظاہرین کو منتشر کرنے کے دوران ’ہلاکت خیز تشدد‘ کی مذمت کی ہے- اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل کا کہنا ہے کہ پرامن مظاہرین کے خلاف طاقت کا بہیمانہ استعمال، دھمکانا اور ہراساں کرنا ناقابل قبول ہے-خیال رہے کہ سنیچر کو میانمار کے دوسرے بڑے شہر منڈالے میں سکیورٹی فورسز نے ایک شپ یارڈ پر ریڈ کر کے وہاں فوجی بغاوت کے خلاف ہڑتال کرنے والے اسٹاف کو گرفتار کرنے کی کوشش کی، جس کے بعد تصادم کا آ غاز ہو گیا تھا- ریسکیو اہلکاروں کے مطابق مظاہرین نے گرفتاریوں سے بچنے کیلئے سکیورٹی اہلکاروں پر پتھراؤ کیا جس کے جواب میں انہوں نے مظاہرین پر فائرنگ اور آنسو گیس کی شیلنگ کی- اس کے علاوہ ربڑ کی گولیاں بھی استعمال کی گئیں - منڈالے کی ایک رضاکار ایمرجنسی ریسکیو ٹیم کے سربراہ ہیلنگ من او نے دو افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے- ریسکیو اہلکاروں کے مطابق مظاہرین نے گرفتاریاں سے بچنے کیلئے سکیورٹی اہلکاروں پر پتھراؤ کیا جس کے جواب میں انہوں نے مظاہرین پر فائرنگ کی - فیس بک پر گردش کرنے والی ایک ویڈیو میں بھی ایک کم عمر نوجوان کو زمین پر لیٹے دیکھا جا سکتا ہے جس کے سرسے خون بہہ رہا ہے اور ایک شخص اس کی دل کی دھڑکن کا معائنہ کر رہا ہے-ہیلنگ من او کا کہنا تھا کہ ’مزید 30 / افراد بھی زخمی ہوئے ہیں جن میں سے آدھے گولیوں سے زخمی ہوئے ہیں -مقامی میڈیا کے مطابق تصادم کے بعد 12 سے زائد افراد کو گرفتار بھی کر لیا گیا-جبکہ آج اتوار کو پولیس کی گولی سر پر لگنے سے زخمی ہونے والی نوجوان خاتون، جو گذشتہ جمعے کو ہسپتال میں دم توڑ گئی تھیں، کی آخری رسومات بھی ادا کی جائیں گی- یہ خاتون پورے ملک میں فوجی حکومت کے خلاف مزاحمت کی قومی علامت بن گئی ہیں -


Recent Post

Popular Links