’نہ کسان پیچھے ہٹنے والے ہیں، نہ کانگریس‘: راہل گاندھی

RushdaInfotech January 16th 2021 urdu-news-paper
 ’نہ کسان پیچھے ہٹنے والے ہیں، نہ کانگریس‘: راہل گاندھی

نئی دہلی-15جنوری(ایجنسی)متنازعہ زرعی قوانین کے خلاف اور کسانوں کے حق میں آواز بلند کرنے کے مقصد سے کانگریس نے آج ملک گیر مظاہرہ کیا- دہلی میں اس مظاہرے کی قیادت کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی اور پارٹی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے کی- راہل-پرینکا کی قیادت میں ہزاروں کانگریس کارکنوں نے راج بھون کا گھیراؤ کیا اور پھر جنتر-منتر پہنچ کر گزشتہ کئی دنوں سے زرعی قوانین کے خلاف دھرنے پر بیٹھے کانگریس اراکین پارلیمنٹ سے ملاقات کی- اس دوران راہل گاندھی نے کہا کہ کسانوں کو ختم کرنے کیلئے تین قوانین لائے گئے ہیں - اگر ہم اسے ابھی نہیں روکتے ہیں تو یہ دیگر شعبوں میں بھی ہوتا رہے گا- نریندر مودی کسانوں کی عزت نہیں کرتے اور مرکز کے زرعی قوانین کے خلاف مظاہرہ کرنے والوں کو تھکانا چاہتے ہیں -جنتر-منتر پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے راہل گاندھی نے بڑھتی بے روزگاری کے تعلق سے بھی اپنا رد عمل ظاہر کیا- انھوں نے کہا کہ نوجوانوں کو روزگار نہیں مل رہا ہے- مودی جی کہتے ہیں کہ کورونا سے نقصان ہو گیا- ملک کے نوجوانوں کو سمجھنا پڑے گا کہ مودی جی اور ان کے دو تین صنعت کار دوست آپ سے آپ کا سب کچھ چھین لینا چاہتے ہیں - ائیر پورٹ، بندرگاہ سب کچھ صرف پانچ لوگ چلا رہے ہیں - راہل گاندھی نے کسانوں کے تعلق سے کہا کہ کسانوں کو سمجھنا پڑے گا کہ آپ کو تھکایا جا رہا ہے- وہ (مودی جی) سمجھتے ہیں کہ کسان تھک کر چلے جائیں گے، لیکن ایسا نہیں ہوگا- یہاں قابل ذکر ہے کہ راہل گاندھی لگاتار کسانوں کے ذریعہ قانون واپسی کے مطالبہ کو جائز ٹھہرا رہے ہیں اور ان قوانین کو کسانوں کیلئے مہلک بتا رہے ہیں - آج جب وہ جنتر-منتر پہنچے تو وہاں صاف لفظوں میں کہا کہ کانگریس کسانوں کی اس لڑائی میں ہر قدم پر ساتھ ہے- ساتھ ہی راہل گاندھی نے ایک ٹریکٹر پر چڑھ کر کہا کہ جب تک تینوں قوانین واپس نہیں ہو جاتے تب تک کانگریس اپنی تحریک ختم نہیں کرے گی- بی جے پی حکومت کو قانون واپس لینے ہی ہوں گے-


Recent Post

Popular Links