ڈی جے ہلی تشدد کے لئے ذمہ دار کانگریسیوں پر کارروائی کا مطالبہ: اکھنڈا سرینواس

RushdaInfotech January 13th 2021 urdu-news-paper
ڈی جے ہلی تشدد کے لئے ذمہ دار  کانگریسیوں پر کارروائی کا مطالبہ: اکھنڈا سرینواس

بنگلورو۔12/جنوری(سالار نیوز)شہر کے ڈی جے ہلی اور کے جی ہلی تشدد کے سلسلہ میں گرفتار کانگریس کے کارپوریٹرس سمپت راج اور ذاکر کے خلاف کانگریس پارٹی کی طرف سے تادیبی کارروائی میں تاخیر پر پلکیشی نگر حلقہ کے رکن اسمبلی اکھنڈا سرینواس مورتی نے اعتراض کیا ہے اورکے پی سی سی صدر ڈی کے شیو کمار کی خاموشی پرانہوں نے کانگریس اعلیٰ کمان سے رجوع ہونے کا عندیہ دیا ہے۔ منگل کے روز اپنے حلقہ میں اخباری نمائندوں سے انہوں نے کہا کہ 11اگست کی شب ہوئے تشدد کے دوران شرپسندو ں نے ان کے گھر کو آگ لگا دی۔ اس معاملہ میں شہر کی سی سی بی پولیس کی طرف سے جانچ کے دوران یہ سامنے آیا کہ اس معاملہ میں شہر کے سابق مئیر سمپت راج کا ہاتھ ہے اس کے علاوہ دیگر ملزمین اے آ ر ذاکر، ان کے بھائی یاسر کو بھی سی سی بی نے گرفتار کیا ہے۔ اس معاملہ میں سی سی بی اوراین آئی اے کی طرف سے جانچ جاری ہے لیکن ان کے خلاف کارروائی کرنے کے لئے انہوں نے کے پی سی سی صدر ڈی کے شیو کمار کو جو شکایت دی تھی اس پر اب تک کوئی پیش رفت نہیں ہو سکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شیو کمار نے یہ وعدہ کیا تھا کہ اس معاملہ کو وہ کانگریس کی تادیبی کارروائی کمیٹی کے سپرد کریں گے لیکن اس پر کوئی پہل نہیں ہو سکی ہے۔اور اس طرح تشدد پھیلانے والوں کے خلاف کارروائی میں ٹال مٹول جاری رکھا گیا تو اس پر وہ کانگریس اعلیٰ کمان سے رجوع ہو ں گے اور گزارش کریں گے کہ ریاستی قیادت کو یہ ہدایت دی جائے کہ ان عناصر کے خلاف کارروائی کی جائے


Recent Post

Popular Links