مہاراشٹرسمیت 10ریاستوں میں برڈ فلو پھیلنے کی تصدیق

RushdaInfotech January 12th 2021 urdu-news-paper
مہاراشٹرسمیت 10ریاستوں میں برڈ فلو پھیلنے کی تصدیق

نئی دہلی-11جنوری (یو این آئی) ملک کی دس ریاستوں میں برڈ فلو پھیلنے کی تصدیق ہوگئی ہے -اتر پردیش، دہلی، اتراکھنڈ، ہریانہ، مہاراشٹر، ہماچل پردیش، مدھیہ پردیش، گجرات، راجستھان اور کیرلا میں پولٹری، پرندوں اور مہاجر پرندوں میں برڈ فلو پھیلنے کی تصدیق ہوئی ہے - راجستھان کے ٹونک، کرولی اور بھیلواڑہ میں اور گجرات کے والساڈ، بڑودہ اور سورت اضلاع میں کوے اور مہاجر پرندوں کے برڈ فلو سے مرنے کی تصدیق ہوگئی ہے - اتراکھنڈ کے کوٹ دوار اور دہرادون میں بھی کوے برڈ فلو کے سبب مرے ہوئے ملے ہیں - مہاراشٹرکے ممبئی، تھانے، ڈپولی اور بیڈ اضلاع میں برڈ فلو کی وجہ سے کوے مرنے کی تصدیق ہوگئی ہے - ہریانہ میں بیماری کو روکنے کیلئے پرندے مارے جارہے ہیں - ریاست ہریانہ کے پنچکولہ کے دو پولٹری فارموں، مدھیہ پردیش کے شیوپوری، راج گڑھ، آگر اور ودیشہ اضلاع میں آنے والے مہاجر پرندوں میں، اترپردیش کے کانپور نامیاتی باغ میں، راجستھان کے پرتاپ گڑھ اور دوسہ اضلاع میں برڈ فلو پھیلنے کے معاملوں کی تصدیق ہوگئی ہے -محکمہ مویشی پروری نے ریاستوں کو بیماری سے بچاؤ کیلئے ضروری رہنما ہدایات جاری کی ہیں -چھتیس گڑھ کے ضلع بالود میں پولٹری اور پرندوں کو مارنے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں - ریاست میں ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں اور نمونے جانچ کیلئے بھیجے گئے ہیں -دہلی کی سنجے جھیل میں پہلے بطخ کے مرنے کی اطلاع ملی تھی، جس کے نمونے جانچ کیلئے جالندھر بھیجے گئے تھے - پارکوں اور جھیل میں مردہ پائے جانے والے کوے اور بطخوں کی جانچ میں برڈ فلو کی تصدیق ہوگئی ہے -پیر کے روز موصولہ اطلاعات کے مطابق مردہ کوے اور بطخوں کے آٹھ نمونوں کی جانچ میں برڈ فلو کی تصدیق ہوگئی ہے - دہلی حکومت نے دارالحکومت میں برڈ فلو کے خوف سے9جنوری کو مشرقی دہلی کے مرغ منڈی کو دس دنوں کیلئے بند کردیا تھا اور دارالحکومت میں زندہ پرندوں کی درآمد پر پابندی عائد کردی تھی-دریں اثناء، کیرلا میں مرغیوں کے مارنے کا آپریشن مکمل کرلیا گیا ہے - کیرلا کے علاوہ ہریانہ اور ہماچل پردیش میں مرکزی ماہرین کی ایک ٹیم کو تعینات کیا گیا ہے -ریاستوں سے برڈ فلو کی روک تھام کیلئے تمام ضروری اقدامات کرنے کی درخواست کی گئی ہے -


Recent Post

Popular Links