کوپل میں ملک کے پہلے کھلونوں کے صنعتی کلسٹر کا سنگ بنیاد

RushdaInfotech January 10th 2021 urdu-news-paper
کوپل میں ملک کے پہلے کھلونوں کے صنعتی کلسٹر کا سنگ بنیاد

بنگلورو۔9جنوری(سالار نیوز) وزیر اعلیٰ بی ایس ایڈی یورپا نے ہفتہ کے روز شمالی کر ناٹک کے کوپل ضلع کے بھانا پور دیہات میں ریاست کے پہلے کھلونوں کے صنعتی کلسٹر کا سنگ بنیا د رکھا۔اس کلسٹر زون میں 545/ارب ڈالر پر مشتمل کھلونوں کی صنعتوں کے قیام کے لئے 400/ایکڑزمین پر مشتمل سہولت فراہم کی جائے گی۔ ایکوس ایس ای زیڈ پرائیویٹ لمیٹیڈ اور حکومت کرناٹک کے اشتراک سے بننے والے اس کلسٹر میں کھلونوں کی 100صنعتوں کے قیام کی سہولت مہیا کروائی جائے گی اور اس کے ذریعے 25ہزار تا 30ہزار لوگوں کے لئے راست روز گار کی سہولت قائم ہو گی۔انہوں نے کہا کہ اس کلسٹر کے قیام سے نہ صرف مقامی کھلونوں کی صنعت کو فروغ ملے گا بلکہ دنیا بھر کے 80کھرب ڈالر کے کھلونوں کے بازار تک ہندوستانی اور خاص طور پر کرناٹک کے کھلونوں کو رسائی حاصل ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان میں کھلونوں کے بازار کا حجم آنے والے دنوں میں ایک کھرب ڈالر تک پہنچ سکتا ہے،اس میں سے 60فیصد کھلونے فی الوقت ملک میں امپور ٹ کئے جا رہے ہیں،اس کلسٹر کی تیاری سے کھلونوں کو بیرون ممالک سے منگوانے کی ضرورت میں کمی واقع ہو گی۔ہفتہ کے روز ریاستی حکومت نے اس کلسٹر میں صنعت کے قیام کے لئے چھ کمپنیوں کے ساتھ معاہدہ بھی کیا۔ یہ کمپنیاں یہاں 200کروڑ روپیوں کا سرمایہ لگائیں گی۔ وزیر برائے صنعت جگدیش شیٹر نے اس موقع پر کہا کہ آنے والے 5سال میں اس کلسٹر میں 450ملین ڈالرس کا سرمایہ لگنے کی امید ہے۔ انہوں نے کہا کہ کھلونوں کی صنعتوں کے لئے درکار جدید ترین آلات اور سہولتوں سے اس کلسٹر کو لیس کیا جائے گا، جہاں صنعت کاروں کی ضرورت کے مطابق ان کو کام کرنے کا ماحول اور دیگرسہولتیں فراہم کرنے کے لئے انتظامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس کلسٹر کی تعمیر دسمبر2021تک پوری ہونے کی امید ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اس کلسٹر میں خاتون صنعت کا روں کو حصہ لینے کیلئے زیادہ ترجیح دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ر وزانہ محض 200روپے کی آمدنی پانے والی خواتین اس کلسٹر سے جڑ کر روزانہ 600روپے سے زیادہ کی آمدنی کما سکیں گی۔اس کے لئے کلسٹر کی نگرانی پر مامور کمپنی کی طرف سے فروغ ہنر مندی کی تربیت سے خواتین کو آراستہ کیا جائے گا۔ اس کلسٹر میں ضلع کے باہر کے لوگوں کو روزگار دئیے جانے کے خدشات کو مسترد کرتے ہوئے شیٹر نے کہا کہ یہاں کی 80 فیصد ملازمتیں مقامی لوگوں کو ہی ملیں گی۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے دنوں میں یادگیر ضلع کے کڈچور میں فراما صنعتوں کے لئے 4000/ایکڑ زمین پر مشتمل ایک پارک قائم ہو گا۔
اس کے لئے 2812کروڑ وپے کی رقم مختص کی گئی ہے، اس سے 11770/افراد کور روزگار مل سکتا ہے۔

 


Recent Post

Popular Links