بی جے پی حکومت نے شہر گلستان کو کوڑے دان میں تبدیل کردیا ہے:رام لنگا ریڈی

RushdaInfotech January 4th 2021 urdu-news-paper
بی جے پی حکومت نے شہر گلستان کو کوڑے دان میں تبدیل کردیا ہے:رام لنگا ریڈی

بنگلورو3جنوری(سالار نیوز)برہت بنگلورو مہا نگر پالیکے کی بدنظمی نے شہر گلستان بنگلورو کو کوڑے دان میں بدل کر رکھ دیا ہے۔ آنے والے دنوں میں شہر بنگلورو کی کھوئی ہوئی ساکھ کو بحال رکھنے کے لئے بی بی ایم پی کے انتظامیہ پر کانگریس کو واضح اکثریت سے قبضہ دلانے کی جدوجہد کرنا ضروری ہے۔ یہ بات سینئر کانگریس لیڈر اور سابق وزیر داخلہ رام لنگا ریڈی نے کہی۔ شہر میں کانگریس پارٹی کو منظم کرنے کے سلسلہ میں منعقدہ ایک اجلاس سے انہوں نے کہا کہ کے پی سی سی صدر ڈی کے شیو کمار نے 2021کو کرناٹک بھر میں کانگریس کو منظم کرنے کے سال کے طور پر منانے کا اعلا ن کیا ہے ان کے اس اعلان کو عملی جامہ پہنانے کی پہل شہربنگلورو سے ہونی چاہئے۔ اس میٹنگ میں رام لنگا ریڈی نے کہا کہ مرکزی اور ریاستی حکومت کی ناکامیوں کو عوام کے سامنے رکھ کر آنے والے دنوں میں کانگریس پارٹی کو عوام کی نظروں میں قابل قبول بنانے کی کوشش کرنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ مرکز کی مودی حکومت نے اس ملک کی ترقی کے لئے کوئی قدم نہیں اٹھایا او رگزشتہ چھ سال سے ملک مسلسل تنزلی کی طرف رواں دواں ہے۔ عوام میں اس حقیقت کو پیش کرنے کی ضرورت ہے۔مودی کے دوست ملک کی معیشت کو اپنے قبضہ میں کرنا چاہتے ہیں جبکہ ان کے کچھ دوستوں نے ملک کے غریب عوام کا پیسہ بینکوں سے خالی کرلیا اور راہ فرار اختیار کرلی۔ان کے خلاف کارروائی کرنے کی بجائے اپنی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے کے لئے جذباتی مسائل کو اچھال کر لوگوں کو الجھایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں بی جے پی حکومت کے غلط فیصلوں سے عوام کو کافی پریشانی اٹھانی پڑ رہی ہے۔اس اجلاس میں صدارتی خطاب کرتے ہوئے کے پی سی سی کے کارگزار صدر سلیم احمد نے کہا کہ ڈی کے شیو کمار کی ہدایت پر پورا سال ریاست بھر میں کانگریس پارٹی کو منظم اور مستحکم کرنے کے لئے مہم چلائی جائے گی۔ اس مہم کے دوران زیادہ سے زیادہ لوگوں کو کانگریس کی طرف متوجہ کروایا جائے گا۔ عوام کے مفادات کے تحفظ کے تئیں کانگریس کی تحریک سے عوام کو آگاہ کروانے اور اس سے لوگوں کو جوڑنے کی ضرورت ہے۔ آنے والے دنوں میں کانگریس کو ریاست اور ملک کے اقتدار پر لایا جائے اس کی فکر کے ساتھ ہر کارکن کو کام کرنے پر انہوں نے زور دیا۔اس موقع پر سابق میئر رام چندراپا، بنگلورو میں کانگریس کے انچارج ایس منوہر،ایم اے سلیم، بی جناردھن اور دیگرموجود تھے۔


Recent Post

Popular Links