سکال منصوبہ کے نتیجہ خیز نفاذکیلئے سریش کمار کی ہدایت

RushdaInfotech December 2nd 2020 urdu-news-paper
سکال منصوبہ کے نتیجہ خیز نفاذکیلئے سریش کمار کی ہدایت

ہاسن۔یکم دسمبر(سالارنیوز)سکال منصوبہ کے نتیجہ خیز نفاذ کے ذریعہ عوام کو بہتر اور فوری خدمات فراہم کی جائیں۔یہ ہدایت ریاستی وزیر برائے بنیادی وثانوی تعلیم ایس سریش کمار نے افسروں کودی۔انہوں نے ریاست بھر کے ڈپٹی کمشنروں کے ساتھ گزشتہ روز ویڈیو کانفرنس منعقد کر کے کہاکہ کوئی بھی عرضی قبول کی جائے وہ سکال منصوبے کے تحت ہی قبول کریں اور سکال منصوبے کے تحت ہی عرضی داخل کرنے عوام کی رہنمائی کریں اور اس منصوبے کے بارے میں عوام میں بیداری لائیں ۔انہوں نے کہاکہ جس وقت منصوبہ جاری کیاگیاتھااس وقت منصوبے کے تحت 151خدمات شامل کی گئی تھیں،مگر اب اس منصوبے کے تحت 1,025خدمات فراہم کی جارہی ہیں۔انہوں نے مزید کہاکہ پہلے مرحلے میں 30نومبر سے 5دسمبر تک محکمہ شہری ترقیات،محکمہ مال گزاری،ٹرانسپورٹ،فوڈ اینڈ سیول سپلائز ڈپارٹمنٹ میں ویک منایاجائے گا۔7دسمبر سے 11دسمبر تک محکمہ دیہی ترقیات وپنچایت را ج میں اور 14سے 19دسمبر تک بقیہ محکموں میں سکال ویک (سکال سپتاہا)منایاجائے گا۔وزیر موصوف نے کہاکہ عرضی قبول کرتے وقت ہی تمام ضروری دستاویز حاصل کرلیں اور عرضی رد کرنے کا موقع نہ دیں۔انہوں نے کہاکہ بغیر تاخیر عرضیوں کو نمٹنے کیلئے افسرو ں کا کردار اہم ہوتاہے۔انہوں نے کہاکہ ڈپٹی کمشنرس ضلع سطح پر سکال کوآرڈی نیشن کمیٹی کا اجلاس طلب کریں اور اس منصوبے کی ترقی کا تفصیلی جائزہ لیں۔ حکومت کے چیف سکریٹری ٹی ایم وجئے بھاسکر نے بھی اس ویڈیوکانفرنس سے خطاب کیا۔


Recent Post

Popular Links