سمپت راج کو کانگریس سے معطل کرنے شیو کمار سے سرینوا س مورتی کا مطالبہ کے پی سی سی صدر نے شکایت کوپارٹی کی تادیبی کارروائی کمیٹی کو سونپنے کا اعلان کیا

RushdaInfotech November 22nd 2020 urdu-news-paper
 سمپت راج کو کانگریس سے معطل کرنے شیو کمار سے سرینوا س مورتی کا مطالبہ کے پی سی سی صدر نے شکایت کوپارٹی کی تادیبی کارروائی کمیٹی کو سونپنے کا اعلان کیا

بنگلورو21نومبر(سالار نیوز)شہر کے پلیکیشی نگر اسمبلی حلقہ کے ایم ایل اے اکھنڈا سرینواس مورتی نے ہفتہ کے روز کرناٹک پردیش کانگریس کمیٹی صدر ڈی کے شیو کمار سے ملاقات کی اور ان سے مانگ کی کہ ڈی جے ہلی اور کے جی ہلی تشدد کے سلسلہ میں گرفتار سابق میئر سمپت راج کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے۔اکھنڈا سرینواس مورتی نے سمپت راج پر الزام لگایا ہے کہ انہوں نے اپنے کارندوں کی ملی بھگت سے ان کے گھرکو آگ لگا دی اور اس کے ساتھ ہی علاقہ میں تشد د کو بھڑکانے میں سمپت راج نے کلیدی رول ادا کیا۔ اس الزام کی بنیاد پر جو جانچ ہوئی ہے اس کے بعد شہر کی پولیس نے چارج شیٹ عدالت میں داخل کی جس میں سمپت راج کو ملز م قرار دیا گیا ہے۔ ایک ماہ کی تلاش کے بعد چند دن قبل ہی سی سی بی نے سمپت راج کو حراست میں لیا۔ تین دن ان سے سی سی بی نے پوچھ گچھ کی جس کے بعد انہیں جیل بھیج دیا گیا ہے۔ اس کے بعد ہفتہ کے روز سرنیواس مورتی نے ڈی کے شیو کمار سے سداشیو نگر میں واقع ان کی رہائش گاہ پہنچ کر ان سے ملاقات کی۔ ڈی کے شیو کمار نے ان سے سرینواس مورتی کی ملاقات کے بارے میں خو د بتایا او ر کہا کہ سرینواس مورتی نے ان سے درخواست کی ہے کہ سمپت راج کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے۔ ڈی کے شیو کمار نے کہا کہ انہوں نے سرینواس مورتی سے کہا ہے کہ صرف اس لئے کہ سمپت راج کے خلاف الزام ہے ان کے خلا ف کارروائی کرنا ممکن نہیں۔ لیکن انہوں نے یقین دلایا ہے کہ اس معاملہ کو وہ کانگریس کی تادیبی کمیٹی کے سپرد کریں گے۔شیو کمار نے کہا کہ سرینواس مورتی نے ان سے ملاقات کے دوران بتایا کہ کس طرح شرپسندوں نے ان کے گھر کو نشانہ بنایا۔ شیوکمار نے کہا کہ سرینواس مورتی سے ان کو پوری ہمدردی ہے۔ ہمیشہ وہ ان کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سرینواس مورتی نے ان کے گھر کو آگ لگانے کے معاملہ میں سمپت راج کے رول کا شبہ ظاہر کیا ہے۔ پولیس نے سمپت راج کو حراست میں لیا ہے اور وہ اس معاملہ کی جانچ کر رہی ہے۔ اگر وہ واقعی خاطی پائے جاتے ہیں تو ان کے خلاف کانگریس کی تادیبی کارروائی کمیٹی ضرورکارروائی کرے گی۔ اس سوال پر کہ تشدد برپا کرنے کے الزام میں گرفتار سابق میئر سمپت راج کے خلاف بحیثیت کے پی سی سی صدر وہ کیا کارروائی کریں گے۔ ڈی کے شیو کمارنے کہا کہ صرف اس لئے کہ سمپت راج پر الزام ہے ان کے خلاف فور طور پر تادیبی کارروائی ممکن نہیں ہے۔ سمپت راج کا تشدد کے معاملے میں کیا رول رہا اس کی پولیس کی طرف سے جانچ چل رہی ہے جانچ کے پورے ہوجانے کے بعد اگر یہ ثابت ہو کہ واقعی سمپت راج کا ہاتھ تشدد میں تھا تو ان کے خلاف کارروائی کانگریس کی تادیبی کمیٹی کرے گی۔انہوں نے کہا کہ کے جی ہلی اور ڈی جے ہلی معاملہ میں پولیس کی طرف سے جانچ ہو رہی ہے پولیس نے سمپت راج پر جو الزامات لگائے ہیں اس کے ثبوت عدالت میں پیش کرنے ہوں گے اورعدالت کو اس بارے میں اپنا فیصلہ سنانا ہو گا اس کے بعد ہی طے ہو گا کہ سمپت راج سے کس طرح نپٹا جائے۔ شیو کمار نے کہا کہ پولیس عہدیدار بی جے پی رہنماؤں اور حکومت کے دباؤ میں کام کر رہے ہیں اس لئے یہ بات وہ اچھی طرح سے جانتے ہیں کہ کون کس طرح کا بیان دے رہا ہے۔ پارٹی کی تادیبی کمیٹی بھی اس صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے۔ کمیٹی کی طرف سے تمام امور کا بغور جائزہ لیا جائے گا اور اس کے بعد ہی طے کیا جائے گا کہ کس پر کیا کارروائی کی جائے۔


Recent Post

Popular Links