نجی اسپتالوں میں کورونا متاثرین کیلئے50%بستر رکھنے کی پابندی ختم تمام بستر، ایچ ڈی یو، آئی سی یو اور وینٹی لیٹر عام مریضوں کیلئے استعمال کرنے حکومت کی ہدایت

RushdaInfotech November 22nd 2020 urdu-news-paper
نجی اسپتالوں میں کورونا متاثرین کیلئے50%بستر رکھنے کی پابندی ختم تمام بستر، ایچ ڈی یو، آئی سی یو اور وینٹی لیٹر عام مریضوں کیلئے استعمال کرنے حکومت کی ہدایت

بنگلورو21نومبر(سالار نیوز)حکومت کرناٹک کی طرف سے کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کے علاج کے لئے تمام نجی اسپتالوں میں 50فیصد بستروں کی بھرتی کی پابندی کو واپس لے لیا ہے۔ کرناٹک میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والوں کی تعداد میں غیر معمولی کمی کے سبب حکومت نے یہ لزوم واپس لینے کا فیصلہ لیا ہے اور کہا ہے کہ ان اسپتالوں میں کورونا مریضو ں کے لئے مخصوص بستروں کو اب دیگر مریضوں کے علاج کے لئے استعمال میں لایا جائے۔ محکمہ صحت کے اڈیشنل چیف سکریٹری جاوید اختر کی طرف سے اس سلسلہ میں جاری ایک حکم نامہ میں کہا گیا ہے کہ ریاستی حکومت نے مورخہ 23جون 2020کوویڈ 19کے متاثرین کے علاج کے لئے تمام نجی اسپتالوں میں 50فیصد بستر محفوظ کردینے کا جو حکم جاری کیا تھا اس کے تحت کرناٹکا اروگیہ سرکشا ٹرسٹ کے تحت جو بھی رجسٹر ڈ اسپتال تھے ان پر یہ لازمی قرار دیا گیا تھا کہ کسی بھی کورونا متاثر کے داخلہ کی اطلاع حکو ت کو لازمی طور پر دی جائے اور ان اسپتالوں میں دستیاب تمام بستروں میں سے 50فیصد بستر صرف کورونا متاثرین کے لئے ریزرو کر دئیے جائیں۔ بنگلورو میں اس کی نگرانی کی ذمہ داری بی بی ایم پی کمشنر اور دیگر اضلاع میں مقامی ڈپٹی کمشنرو ں کو سونپی گئی تھی کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ ہر اسپتال میں بستر محفوظ رکھے جائیں۔۔ حالیہ دنوں میں کورونا متاثرین کی تعداد میں نمایاں کمی کے نتیجے میں سرکاری اسپتالوں میں ہی کورونا وائرس متاثرین کے داخلہ کی شرح گھٹ کر محض 22فیصد ہو چکی ہے۔ باقی 78فیصد بستر خالی پڑے ہوئے ہیں۔تازہ حکم نامہ میں کہا گیا ہے کہ کورونا وائرس متاثرین کے علاج کے لئے سرکاری اسپتالوں کا ہی استعمال کیا جائے گا اور وہیں پر موجود ایچ ڈی یو اور آئی سی یواور وینٹی لیٹر بستر انہیں مہیا کروائے جائیں گے۔ نجی اسپتالوں میں ان کا داخلہ صرف سرکاری بستروں کے بھرجانے کی صورت میں ریفرل کی بنیاد پر کیا جائے گا۔ اس لئے نجی اسپتال اب اپنے اسپتالوں میں دستیاب تمام بستر عام مریضوں کے لئے استعمال میں لا سکیں گے۔ تا حکم ثانی نجی اسپتالوں سے کہاگیا ہے کہ وہ ان بستروں کا استعمال اپنے طور پرکریں اور اگر دوبارہ ضرورت پڑی تو اس کے لئے حکومت کی طرف سے فرمان جاری کیا جائے گا۔


Recent Post

Popular Links