میں کسی کا گھر جلادینے کا گنہگار نہیں: سمپت راج سابق میئر نے اکھنڈسرینواس مورتی کے مکان کو آگ لگانے کا الزام مسترد کیا

RushdaInfotech November 19th 2020 urdu-news-paper
میں کسی کا گھر جلادینے کا گنہگار نہیں: سمپت راج سابق میئر نے اکھنڈسرینواس مورتی کے مکان کو آگ لگانے کا الزام مسترد کیا

بنگلورو۔18نومبر(سالار نیوز)کے جی ہلی و ڈی جے ہلی تشدد کے سلسلہ میں گرفتار شہر کے سابق میئرسمپت راج نے کہا ہے کہ رکن اسمبلی اکھنڈسرینواس مورتی کے گھر کو آگ لگانے جیسا گھناؤنا کام انہوں نے نہیں کیا ہے اور اس تشدد سے ان کا کوئی تعلق نہیں۔ شہر میں بنگلورو پولیس کی سنٹرل کرائم برانچ کی پوچھ گچھ کے دوران سمپت راج نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ کے جی ہلی اور ڈی جے ہلی علاقو ں میں ہونے والے پُرتشدد واقعات سے ان کا کوئی تعلق نہیں۔ ان کو اب تک یہ بھی نہیں معلوم کہ سی سی بی نے آخر ان کا تعاقب کیوں کیا اور ان کوکس لئے گرفتار کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر سرینواس مورتی کا گھر ہی جلانا ہو تا تو ان کو اسمبلی انتخابات کے دوران محنت کر کے کامیاب کیوں کرتے؟۔ انہوں نے یہ بھی سوال کیا کہ سرینواس مورتی کا گھر جلانا ہو تا تو ہندو نوجوانوں کو ہی استعمال کرتے، مسلم نوجوانوں کا استعمال کیو ں کرتے۔ انہوں نے بار بار یہی بات بتا کر یہ دعویٰ کیا کہ ان کا اس تشدد سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر سرینواس مورتی کا گھر جلانے کی سازش انہوں نے رچائی ہو تی تو اس وقت وہ ڈی جی ہلی پولیس تھانہ پہنچ جاتے جہاں رکن اسمبلی ضمیر احمد خان پہنچے ہوئے تھے۔ سمپت راج نے کہا کہ تشدد کی رات انہوں نے اپنے پی اے ارون اور سنتوش سے ملاقات ضرور کی، لیکن یہ ملاقات اس لئے نہیں کہ ان کو سرینواس مورتی کا گھر جلانے کے لئے کہیں۔ سمپت راج نے دعویٰ کیا کہ وہ کہیں فرار نہیں تھے، بلکہ کورونا سے متاثر ہونے کے سبب انہوں نے خود کو الگ تھلگ کرلیا تھا۔ اس سلسلہ میں سی سی بی کے تحقیقاتی آفیسر وینو گوپال کی طرف سے جانچ کا سلسلہ جاری ہے۔ کہا جا رہا ہے کہ سمپت راج سے سی سی بی افسروں کی طرف سے کافی سختی سے پوچھ گچھ جاری ہے اور /11اگست کی رات کے تمام واقعات کی تفصیل کے بارے میں ان سے جانکاری طلب کی گئی۔ اس سلسلہ میں اب تک پولیس کی طرف سے جو بھی معلومات یکجا کی گئی ہیں ان کا موازنہ سمپت راج کے بیانات سے کیا جا رہا ہے، تاکہ اس کیس کو عدالت کے سامنے پولیس مضبوط بنا کر پیش کر سکے۔ چونکہ پہلے ہی اس کیس میں سی سی بی نے چارج شیٹ داخل کردی ہے اور اس میں سمپت راج کو ملزم نمبر 51بنایا گیا ہے، اس لئے مانا جا رہا ہے کہ جانچ کا سلسلہ زیادہ طول نہیں پکڑے گا۔


Recent Post

Popular Links