چکبالاپور ضلع کیلئے علاحدہ ملک یونین اور ڈی سی بینک کے قیام کیلئے عنقریب اقدامات:سوم شیکھر

RushdaInfotech November 18th 2020 urdu-news-paper
چکبالاپور ضلع کیلئے علاحدہ ملک یونین اور ڈی سی بینک کے قیام کیلئے عنقریب اقدامات:سوم شیکھر

چکبالاپور:17/نومبر (نامہ نگار) کولار و چکبالاپور ڈی سی سی بینک اور کولار چکپالاپور ملک یونین کو علاحدہ کرکے دونوں اضلاع کیلئے الگ ڈی سی سی بینک اور ملک یونین کا قیا م عمل میں لانے کا معاملہ ریاستی کابینہ کے سامنے زیر غور ہے،جسے عنقریب عملی جامہ پہنایا جائے گا۔یہ بات ریاستی وزیر برائے کوآپریشن ا یس ٹی سوم شیکھر نے کہی۔ انہوں نے یہاں کے انتظامیہ بھون میں منعقد ہ 67 ویں آل انڈیا کوآپریٹیو ویک کا افتتاح کرنے کے بعد اپنے خطاب میں کہا کہ ساری ریاست میں چکبالاپور ضلع کو ماڈل بنانے کے لئے یہاں کے ضلع انچارج وزیر ڈاکٹر سدھاکر نے عہد کرلیا ہے۔ان کی ہر ایک مانگ اوردرخواست کو خود وزیر اعلیٰ بی ایس ا یڈی یورپا منظوری دیتے آرہے ہیں۔ سدھاکر نے اہم مانگوں میں یہاں پر ڈی سی سی بینک اور ملک یونین کا قیام بھی وزیر ا علیٰ کے سامنے رکھاہے۔ ان کی اس مانگ کو بھی پورا کرنے کے لئے وزیر اعلیٰ نے ہری جھنڈی دکھادی ہے، جس کے تحت یہ موضوع ریاستی کابینہ کے سامنے زیر غور ہے، توقع ہے کہ بہت جلد اس کو کابینہ کی منظوری مل جائے گی۔ ایس ٹی سوم شیکھر نے بتایا کہ ساری دنیا کورونا وباء سے متاثر ہونے کے باوجود بھی ہماری اس ریاست میں دن بہ دن کورونا سے متاثر ہونے والوں کی تعداد میں کمی آرہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ریاست میں کوآپریٹیو کے شعبے کو مزید طاقتور بنانے کے لئے ہر طرح کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔پوری ایمانداری کے ساتھ ہماری یہ کوشش ہورہی ہے کہ ریاست کوپورے ملک میں اول مقام دلایا جائے۔ اس جلسہ کی صدارت کرتے ہوئے ریاستی وزیر برائے ہیلتھ و فیملی ویلفیئر و میڈیکل ایجوکیشن سدھاکر نے کہا کہ ماہ جنوری سے محکمہ صحت میں کئی طرح کی تبدیلیاں اور نئے منصوبے جاری کرنے کے لئے تیاریاں کی جارہی ہیں اور ہر ایک سرکاری اسپتال میں 24 گھنٹے عوام کو سہولت اور خدمت فراہم کرنے کے لئے کوشش کی جارہی ہے۔نہوں نے بتایا کہ ریاست میں کورونا وباء سے متاثر ہونے والے افراد میں کمی آرہی ہے۔ہندوستان کے مقابلے امریکہ میں صرف 30تا 35کروڑ کی آبادی ہونے کے باوجود ہر روز ایک لاکھ افراد متاثر ہورہے ہیں۔ ہندوستان میں 130کروڑ کی آبادی ہونے کے باوجود ہر روز صرف 4تا5 لاکھ افراد ہی متاثر ہورہے ہیں اور بہت ہی کم تعداد میں اموات ہورہی ہیں۔اس موقع پر ریاستی وزیر برائے شہری ترقیات بائرتی بسوراج،رکن پارلیمان بی ا ین بچے گوڈا،ایم ایل اے سبار یڈی، کولار چکبالاپور ملک یونین کے چیرمین ورکن اسمبلی ننجے گوڈا، ڈی سی سی بینک صدر گوند گوڈا، ریاستی سوہاردا کوآپریٹیوصدر کرشنا ریڈی، ضلع کوآپریٹیو وصدرایچ وی ناگراج، ڈپٹی کمشنر آ رلتا، ضلع پنچایت صدر چکا نرسمہا یا،محکمہ کوآپریٹیو کے رجسٹرار ضیا ء اللہ آئی اے ا یس،سابق ایم ایل اے کے پی بچے گوڈا، کے وی ناگراج کے علاوہ دیگر موجود تھے۔


Recent Post

Popular Links