سابق مئیر سمپت راج کو کانگریس سے نکالنے کا مطالبہ رکن اسمبلی سرینواس مورتی پر کے پی سی سی صدر ڈی کے شیو کمار برہم

RushdaInfotech October 18th 2020 urdu-news-paper
سابق مئیر سمپت راج کو کانگریس سے نکالنے کا مطالبہ  رکن اسمبلی سرینواس مورتی پر کے پی سی سی صدر ڈی کے شیو کمار برہم

بنگلورو۔17اکتوبر(سالار نیوز) شہر کے ڈی جے ہلی اور کے جی ہلی تشدد کے سلسلہ میں سابق میئر آر سمپت راج کو کانگریس پارٹی سے بے دخل کردینے کے متعلق رکن اسمبلی آر اکھنڈا سرینواس مورتی کے مطالبہ پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کے پی سی سی صدر ڈی کے شیو کمار نے کہا کہ سرینواس مورتی نے ان سے ملاقات کے دوران ایسا کوئی مطالبہ نہیں کیا۔ ڈی کے شیو کمار نے سرینواس مورتی کو ہدایت دی ہے کہ اس معاملہ پر وہ ان سے ملاقات کر کے بات کریں، برسرعام بیان بازی سے گریز کریں۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی اسمبلی میں ہی وہ یہ بات واضح طور پر کہہ چکے ہیں کہ ڈی جے ہلی اور کے جی ہلی میں ہوا تشدد پولیس کی ناکامی کا نتیجہ ہے۔ فیس بک پر توہین آمیز پوسٹ رکھنے والے نوین کو اگر پولیس بروقت حراست میں لے لیتی تو شاید حالات بگڑتے ہی نہیں۔پولیس اپنی ناکامی پر پردہ ڈالنے کے لئے ہر کسی پر الزام دھرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صرف کیس کی چارج شیٹ فائل ہوگئی تو اس کا مطلب یہ نہیں کہ پولیس جس کا بھی نا م لے گی وہ سب کے سب مجرم ہیں۔ شیو کمار نے کہا کہ علاقہ میں حالات قابو سے باہر ہونے اور پولیس فائرنگ تک نوبت آنے کے لئے کو ن ذمہ دار ہے۔اس کا جواب عوام کے سامنے آنا چاہئے۔ یہ بھی سامنے آنا چاہئے کہ آخر کس کے اشارہ پر پولیس نے نوین کو متعدد شکایتوں کے باوجود گرفتار نہیں کیا۔


Recent Post

Popular Links