مودی حکومت کا اگلا نشانہ یونیفارم سیول کوڈ؟ بابری مسجد انہدام پر سی بی آئی کورٹ کے فیصلہ کو چیلنج کیاجائے گا:مسلم پرسنل لا ء بورڈ

RushdaInfotech October 17th 2020 urdu-news-paper
مودی حکومت کا اگلا نشانہ یونیفارم سیول کوڈ؟  بابری مسجد انہدام پر سی بی آئی کورٹ کے فیصلہ کو چیلنج کیاجائے گا:مسلم پرسنل لا ء بورڈ

نئی دہلی-16/ اکتوبر (یو این آئی)آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ نے بابری مسجد انہدام کے ملزموں کے متعلق سی بی آئی لکھنؤ کورٹ کے فیصلہ کو الٰہ آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کرنے کا فیصلہ کیا ہے - یہ فیصلہ مسلم پرسنل لا ء بورڈ نے زوم پرمنعقدہ مجلس عاملہ کے اجلاس میں کیا ہے جس کی صدارت مولانا سید محمد رابع حسنی ندوی نے کی-مسلم پرسنل لا ء بورڈ کی آج یہاں جاری ایک ریلیز میں کہا گیا ہے کہ بورڈ کے جنرل سکریٹری اور متعدد ارکان عاملہ نے الٰہ آباد ہائی کورٹ کی سی بی آئی (لکھنؤ) کے بابری مسجد انہدام کے ملزموں سے متعلق فیصلہ پر سخت حیرت اور دکھ کا اظہار کیا- کورٹ نے متعدد واقعاتی شہادتوں اور گواہوں کے بیانات اور خود ملزموں کے اقبال جرم کے باوجود ناکافی ثبوت کی بنا پر تمام ملزموں کو بری کردیا- نہ جانے کورٹ کس طرح کی شہادتوں کو معتبر سمجھتا ہے - بورڈ نے اتفاق رائے سے فیصلہ کیا کہ سی بی آئی اس فیصلے کو چیلنج کرے یا نہ کرے، بورڈ اس ناقابلِ فہم فیصلے کو ہائی کورٹ میں چیلنج کرے گا-بورڈ کے اجلاس میں ملک کی عدالتوں میں مسلم پرسنل لا ء سے متعلق جاری مقدمات کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا اور قانونی کمیٹی کو ہدایات جاری کی گئیں - لیگل کمیٹی کے کنوینر یوسف حاتم مچھالا صاحب نے سابری مالا کیس کے ریویو سے متعلق ایک تفصیلی نوٹ عاملہ کے سامنے پیش کیا اور کہا کہ اس میں مذہبی آزادی، دستور کی دفعہ25کا دائرہ اور کسی مذہب کے لیے کیا ضروری اور لازمی ہے جیسے سوالات زیربحث آئیں گے - اس فیصلے کا اثر مسلمانوں اور تمام مذہبی اقلیتوں کے ساتھ اکثریتی طبقہ کی مذہبی آزادی پر بھی پڑے گا- تفصیلی غورخوض کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ بورڈ بھی اس مقدمہ میں بحیثیت مداخلت کار شامل ہوگا-عاملہ کے اجلاس میں اس اندیشہ کا اظہار بھی ہوا کہ رام مندر، دفعہ370کے بعد اس حکومت کا اگلا نشانہ یونیفارم سیول کوڈ ہوسکتا ہے - مسئلہ کی نزاکت کے پیش نظر طے کیا گیا کہ اس سلسلے میں سیاسی جماعتوں کے علاوہ دیگر مذہبی طبقات، اقلیتوں اور سیول سوسائٹی کے افراد سے تفصیلی ملاقاتیں کی جائیں نیز ایک تکثیری سماج کے لیے یونیفارم سیول کوڈ کتنا مہلک اور نقصاندہ ہوسکتا ہے اس پر رائے عامہ ہموار کرنے کا مسئلہ بھی زیربحث آیا- یونیفارم سیول کوڈ کے خطرے سے نمٹنے کے لیے جنرل سکریٹری بورڈ کو مجاز گردانا گیا کہ وہ اس کے لیے ایک کمیٹی بنادیں تاکہ اس پر سیرحاصل کام کیا جاسکے -اجلاس میں حکومت کی طرف سے سی آرپی سی اور آئی پی سی میں اصلاحات کیلئے مرکزی حکومت کی قائم کردہ کمیٹی کا مسئلہ بھی زیربحث آیا- اکثر ارکان کا خیال تھا کہ کمیٹی کی مینڈیٹ کافی وسیع الاطرف ہے اور اس سے یہ اندیشہ بجاطور پر لاحق ہے کہ اس کی سفارشات بہت دور رس نتائج اور مضمرات کی حامل ہوں گی- ملک کے ماہرین قانون اور دانشوروں نے کمیٹی میں شامل افراد اور کمیٹی کے مینڈیٹ کو لے کر متعدد اندیشوں کا اظہار کیا ہے - ارکان عاملہ کا بھی یہی خیال تھا کہ مسلمان بھی ان سفارشات کی زد میں آسکتے ہیں چنانچہ فیصلہ کیا گیا کہ ماہرین قانون اور علماء پرمشتمل ایک کمیٹی قائم کرے اور سیول سوسائٹی اور ماہرین قانون کے ساتھ مل کر اس مسئلہ کے تدارک کے لیے کام کیا جائے -اجلاس میں مساجد، مقابر، عید گاہوں اور قبرستانوں سے متعلق مقدمات اور عدالتوں کے رویہ کا بھی جائزہ لیا گیا اور اہم فیصلہ کیے گئے - اجلاس کی ابتدا میں جنرل سکریٹری بورڈ نے اس درمیان بورڈ کے جو ارکان، اہم دینی و ملی شخصیات رحلت فرماگئیں، ان کے تعلق سے ایک تجویز تعزیت پیش کی اور صدر بورڈ نے ان کے حق میں دعائے مغفرت فرمائی- محترم صدر بورڈ کی دعا اور اختتامی کلمات پر اجلاس اختتام پذیر ہوا-اس کارروائی کو جنرل سکریٹری حضرت مولانا محمد ولی رحمانی صاحب نے چلایا-


Recent Post

Popular Links