ہاتھرس معاملہ:سپریم کورٹ کرے سی بی آئی جانچ کی نگرانی

RushdaInfotech October 15th 2020 urdu-news-paper
ہاتھرس معاملہ:سپریم کورٹ کرے سی بی آئی جانچ کی نگرانی

نئی دہلی-14 /اکتوبر(ایجنسی) اترپردیش کے ہاتھرس میں ایک دلت لڑکی کے ساتھ اجتماعی عصمت دری اور قتل معاملے کی سی بی آئی تحقیقات کی نگرانی سپریم کورٹ سے کرنے کی درخواست یوپی حکومت نے کی ہے- گزشتہ مہینے دہلی کے ایک اسپتال میں متاثرہ لڑکی کی موت ہوگئی- اس کے بعد ہاتھرس انتظامیہ نے رات کے اندھیرے میں جلدی سے لڑکی کی آخری رسومات ادا کردیں - سپریم کورٹ میں ریاستی حکومت نے کہا کہ وہ متاثرہ افراد کے اہل خانہ اور گواہوں کو مکمل تحفظ فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہے- منگل کے روز سے سی بی آئی نے ہاتھرس کیس کی تحقیقات کا آغاز کردیا ہے-یوپی حکومت نے آج سپریم کورٹ میں جوابی حلف نامہ داخل کیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ متاثرہ لڑکی کے اہل خانہ اور گواہوں کو تین درجے کی سکیورٹی دی گئی ہے- عدالت کو بتایا گیا کہ پولیس اور دیگر سکیورٹی اہلکار اس کیلئے تعینات کردیئے گئے ہیں - اس کے ساتھ ہی گاؤں کی سرحد کے ساتھ سی سی ٹی وی کیمرے بھی لگائے گئے ہیں - وکیل سیما کشواہا متاثرہ لڑکی کے اہل خانہ کی جانب سے مقدمے کی پیروی کررہی ہیں - دوسری طرف الہ آباد ہائی کورٹ کی لکھنؤ بینچ نے بھی اس معاملے میں از خود نوٹس لیا تھا- اب وہاں اگلی سماعت2نومبر کو ہوگی- یوپی سرکار کے وکیل نے کہا کہ عدالت سی بی آئی کو تحقیقات کو مقررہ وقت میں مکمل کرنے کا حکم دے- نیز عدالت خود بھی اس کی نگرانی کرے- یوپی حکومت نے کہا ہے کہ عدالت سی بی آئی سے ریاستی حکومت کو ہر15دن بعد تحقیقاتی رپورٹ پیش کرنے کیلئے کہہ سکتی ہے، جسے یوپی ڈی جی پی عدالت میں دائر کرسکتی ہے-سپریم کورٹ میں ہاتھرس کیس سے متعلق اگلی سماعت 15/ اکتوبر یعنی جمعرات کو ہوگی- عدالت نے بنیادی طور پر یوپی حکومت سے تین باتیں طلب کیا تھا-
متاثرہ افراد کے لواحقین اور گواہوں کے تحفظ کے کیا انتظامات کیے گئے ہیں؟ کیا غمزدہ کنبے کے پاس پیروی کے لیے کوئی وکیل ہے؟ اور الہ آباد ہائی کورٹ میں مقدمے کی کیا صورتحال ہے؟ الہ آباد ہائی کورٹ کی لکھنؤبنچ نے ہاتھرس کیس میں اگلی سماعت2 نومبر تک ملتوی کردی ہے-


Recent Post

Popular Links