امریکہ اور چین کی محاذ آرائی سے دنیا عالمی جنگ کے دہانے پر: کسنجر

RushdaInfotech October 12th 2020 urdu-news-paper
 امریکہ اور چین کی محاذ آرائی سے دنیا عالمی جنگ کے دہانے پر: کسنجر

نیویارک-11/اکتوبر(ایجنسی)سابق امریکی وزیر خارجہ ہنری کسنجر نے متنبہ کیا کہ امریکہ اور چین کو محاذ آرائی کی حدیں طے کرنی چاہئیں ورنہ دنیا خود پہلی جنگ عظیم کی طرح ایک اور عالمی جنگ کا سامنا کرسکتی ہے-بلومبرگ کی ایک رپورٹ میں 97سالہ کسنجر نے نیویارک کے اقتصادی کلب کے زیر اہتمام ورچوئل مباحثے کے سیشن کے دوران کہا کہ امریکہ اور چین جو اس وقت نئی سرد جنگ سے گذر رہے ہیں کو تصادم کی حدود کی وضاحت کرنی چاہئے- ان کا کہنا تھا کہ امریکہ اور چین کے درمیان جاری تنازعات کے حل کیلئے ٹھوس اقدامات کئے جانے چاہئیں ورنہ پوری دنیا اس محاذ آرائی سے عدم استحکام کا شکار ہوسکتی ہے-سابق امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ آپ کہہ سکتے ہیں کہ یہ معاملہ مکمل طور پر ناممکن ہے لیکن اگر یہ مکمل طور پر ناممکن ہے تو ہم خود کو پہلی جنگ عظیم کی طرح کی صورتحال میں پائیں گے-کسنجر کا خیال تھا کہ واشنگٹن اور بیجنگ کے مابین کشمکش نئی ٹیکنالوجی کے ابھرنے کی وجہ سے پیدا ہوئی ہے جس نے جیو پولیٹیکل منظر کو تبدیل کردیا-سابق امریکی وزیرکا کہنا تھا کہ اب وقت آگیا ہے کہ امریکی حکومت حالات کی نزاکت کا ادراک کرے- دنیا تیزی سے بدل رہی ہے- اس تبدیلی میں امریکہ کو اپنی ذمہ داریوں کا ادراک کرنا ہوگا- آج کے دور میں ایک ہی وقت میں کوئی بھی ملک اپنے اسٹرٹیجک اور معاشی تسلط کو برقرار نہیں رکھ سکتا-
ہنری کسنجر نے 2019میں کہا تھا کہ امریکہ اور چین کے مابین تنازع سنگین نتائج پیدا کر سکتا ہے جوعالمی جنگوں کے نتائج سے بھی بدتر ہوگا- اس سے بچنے کیلئے انہوں نے دونوں ممالک کو اپنے اختلافات حل کرنے کا مشورہ دیا تھا-


Recent Post

Popular Links