سرحد پر افواج کی تعداد نہ بڑھانے پر ہند۔چین اتفاق

RushdaInfotech September 23rd 2020 urdu-news-paper
 سرحد پر افواج کی تعداد نہ بڑھانے پر ہند۔چین اتفاق

لداخ،22ستمبر(ایجنسی) ہندوستان اور چین نے سرحد پر فوجیوں کی تعداد میں مزید اضافہ نہ کرنے پر اتفاق کرلیا ہے۔منگل کے روز فوجی کمانڈروں کی مشترکہ میٹنگ کے بعد جاری ایک بیان میں دونوں ممالک نے یہ عہد کیا کہ محاذ پر مزید فوجیوں کو تعینات نہیں کیا جائے گا اور یکطرفہ طور پر حقیقی خط اختیار کے قریب حالات میں تبدیلی لانے کی کوشش نہیں کی جائے گی۔ اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ ہند۔چین سرحد پر حالات کو معمول پر لانے کیلئے آنے والے دنوں میں مذاکرات کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔ دونوں ممالک کے درمیان غلط فہمیوں کے ازالے کیلئے روابط کو بڑھانے کا بھی اعادہ کیا گیا۔جلد از جلد دونوں ممالک نے فوجی کمانڈروں کے درمیان اگلے دور کی بات چیت پر بھی اتفاق کیا۔ 6/ جون کے بعد دونوں ممالک کے درمیان بات چیت کا یہ پہلا خوشگوار موقع رہا ہے۔ ہندوستان کی طرف سے لیفٹننٹ جنرل ہریندر سنگھ اور پی جی کے مینن نے بات چیت میں حصہ لیا۔وزارت خارجہ کے ایک جوائنٹ سکریٹری بھی پہلی بار اس فوجی بات چیت کا حصہ بنے۔با اختیار ذرائع نے بات چیت کی نوعیت کو جامع قرار دیا اور کہا کہ ہندوستانی فوج اور چین کی پیپلز لیبریشن آرمی نے سرحدی علاقوں میں ٹکراؤ کے ماحول کو جلد از جلد ختم کرنے پر رضا مندی ظاہر کی۔


Recent Post

Popular Links