عمرہ کو مرحلہ وار زائرین کے لیے کھولنے کا منصوبہ تیار

RushdaInfotech September 23rd 2020 urdu-news-paper
عمرہ کو مرحلہ وار زائرین کے لیے کھولنے کا منصوبہ تیار

ریاض۔22ستمبر(ایجنسی)سعودی وزیر حج وعمرہ ڈاکٹر محمد صالح بنتن نے آئندہ مرحلے میں عمرہ و زیارت کی مرحلہ وار بحالی کی تفصیلات بیان کی ہیں۔وہ پیر کو عمرہ پروگرام کو یادگار اور آسان تر بنانے سے متعلق عمرہ فورم میں اظہار خیال کر رہے تھے۔العربیہ نیٹ اور الشرق الاوسط کے مطابق ڈاکٹر محمد صالح بنتن نے کہا کہ سعودی عرب حفظان صحت کے ضوابط کی پابندی کے ساتھ عمرہ بتدریج بحال کرنے والا ہے۔وزیر حج و عمرہ کے مطابق آئندہ مرحلے میں عمرہ کی کارروائی کے سلسلے میں جدید ٹیکنالوجی پر انحصار کیا جائے گا تاکہ عمرہ کمپنیاں اور ادارے اندرون اور بیرون ملک عمرہ پیکیج جدید شکل میں متعارف کراسکیں۔انہوں نے مزید کہا کہ وزارت ایک ایپ جاری کرے گی۔ عمرہ کے خواہشمند افراد اس کے ذریعے اپنی آسانی کو پیش نظر رکھتے ہوئے عمرہ ادا کرنے کی تاریخ اور وقت کا تعین کریں گے۔عمرہ کمپنیاں اور ادارے اس حوالے سے اندرون مملکت اور باہر سے عمرے کے لیے آنے والوں کو اپنی خدمات پیش کریں گی۔ڈاکٹر محمد صالح بنتن نے بتایا کہ عمرہ پروگرام کے سلسلے میں 30سے زیادہ سعودی اور بین الاقوامی کمپنیوں کو کام کا موقع دیا جائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ عمرہ کمپنیاں آن لائن اپنی خدمات پیش کریں گی اور عمرے پر آنے والوں سے رابطے میں رہیں گی۔ پہلی تبدیلی اندرون و بیرون ملک سے مسجد نبوی کے زائرین کے حوالے سے کی جائے گی۔وزیر حج نے اطمینان دلایا کہ وزارت حج، عمرہ کمپنیوں اور کارکنوں کے ساتھ کھڑی ہوئی ہے۔ اس مرحلے میں ان کے ساتھ ہے اور ادارہ جاتی تبدیلی کے مرحلے میں بھی ان کے ساتھ ہو گی تاکہ عمرہ کمپنیاں اور ادارے طاقتور اقتصادی گروپ کے طور پرابھریں اور اعلیٰ معیاری خدمات فراہم کرسکیں۔ان کا کہنا تھاکہ عمرہ کمپنیاں اندرون ملک سے عمرہ کرنے والے سعودیوں، مقیم غیر ملکیوں، جی سی سی ممالک اور دنیا بھر کے عمرہ زائرین کو خدمات فراہم کریں گی۔انہوں نے زور دے کر کہا کہ سعود ی عرب عمرہ زائرین کی خدمت کے لیے اپنی توانیاں وقف کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ 2030تک سالانہ تین کروڑ عمرہ زائرین کی میزبانی کرنا چاہتے ہیں۔علاوہ ازیں سبق نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ عمرہ زائر کو عمرے کی درخواست دیتے ہوئے کورونا سے پاک ہونے کا سرٹیفیکٹ دینا ہوگا۔یاد رہے کہ سعودی وزارت خارجہ نے کورونا وائرس کے پھیلاو کو روکنے کے لیے احتیاطی تدابیر کے تحت 26فروری کو عمرے اور مسجد نبوی کی زیارت کے لیے سعودی عرب آمد پر تاحکم ثانی عارضی پابندی لگا دی تھی۔یہ پابندی سعودی عرب کے صحت کے اداروں کے مقرر کردہ قواعد و ضوابط کے مطابق لگائی گئی تھی۔


Recent Post

Popular Links