دہلی اسمبلی کمیٹی کی فیس بک کو پھٹکاراور تنبیہ

RushdaInfotech September 16th 2020 urdu-news-paper
 دہلی اسمبلی کمیٹی کی فیس بک کو پھٹکاراور تنبیہ

نئی دہلی: 15ستمبر (ایجنسی) دہلی فسادات میں فیس بک کے کردار کو لے کر اس کی طرف سے دیئے گئے جواب سے دہلی اسمبلی کی امن اور ہم آہنگی کمیٹی ناراض ہے اور اس نے سوشل میڈیا ویب سائٹ کو تنبیہ جاری کرتے ہوئے اس کے اعلیٰ عہدیدار کو حاضر ہونے کا ایک اور موقع دیا ہے۔کمیٹی نے کہا کہ فیس بک انڈیا کے اعلیٰ عہدیدار اگر اس بار حاضر نہ ہوئے تو ان پر کارروائی کی جائے گی۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق کمیٹی نے قدرتی انصاف کے اصول کے تحت فیس بک کو دوبارہ موقع دیتے ہوئے اسے اپنا موقف پیش کرنے کو کہا ہے۔ واضح رہے کہ فیس بک کے عہدیداروں کو سمن جاری کرتے ہوئے دہلی اسمبلی کی امن اور ہم آہنگی کمیٹی نے حاضر ہونے کا حکم دیا تھا، تاہم وہ منگل کے روز کمیٹی کے روبرو پیش نہیں ہوئے۔امن اور ہم آہنگی کمیٹی کے چیئرمین راگھو چڈھا نے کہا کہ فیس بک انڈیا کے اعلیٰ عہدیدار کا حاضر نہ ہونا دہلی اسمبلی کی توہین ہے۔ یہ دہلی کے دو کروڑ عوام کی توہین ہے۔ فیس بک کے وکلاء اور مشیروں نے انہیں بہت غلط مشورے دیئے ہیں۔ پارلیمنٹ اور اسمبلی میں اسی مسئلے اور مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا جاسکتا ہے، لیکن یہاں یہ معاملہ مختلف ہے۔ دہلی اسمبلی کی کمیٹی اور پارلیمنٹ کمیٹی مختلف امور پر تبادلہ خیال کر رہی ہیں۔چڈھا نے کہا کہ دہلی قانون ساز اسمبلی دہلی فسادات میں فیس بک کے کردار پر تبادلہ خیال کر رہی ہے۔ یہ کہنا کہ پارلیمنٹ کی کمیٹی اس پر غور کر رہی ہے اور ہم نے وہاں جواب دے دیا ہے، یہ غلط ہے۔ اس پر اگر دہلی اسمبلی کی کمیٹی چاہے تو وارنٹ جاری کرا سکتی ہے۔


Recent Post

Popular Links