بی سی سی آئی نے دھونی کے ساتھ اچھا سلوک نہیں کیا:مشتاق

RushdaInfotech August 24th 2020 urdu-news-paper
بی سی سی آئی نے دھونی کے ساتھ اچھا سلوک نہیں کیا:مشتاق

نئی دہلی۔23/اگست (یو این آئی) پاکستان کے سابق اسپنر ثقلین مشتاق کا کہنا ہے کہ ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) نے ٹیم انڈیا کے سابق کپتان مہندر سنگھ دھونی کے ساتھ اچھا سلوک نہیں کیا۔مشتاق نے کہا کہ دھونی نے الوداعی میچ کے بغیر انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لیا جبکہ ان کے تمام پرستار چاہتے ہیں کہ وہ دھونی کو ایک آخری مرتبہ ہندوستانی جرسی میں کھیلتا دیکھیں۔واضح رہے کہ دھونی نے یوم آزادی کے موقع پر انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔ آخری بار وہ آئی سی سی ورلڈ کپ میں نیوزی لینڈ کے خلاف سیمی فائنل میں اترے تھے۔مشتاق نے اپنے یوٹیوب چینل میں کہا کہ مجھے لگتا ہے کہ جو لوگ دھونی سے محبت کرتے ہیں ان کی شکایت ہوگی۔ اچھا ہوتا اگر دھونی آخری بار ہندوستانی جرسی پہنے اور ہاتھ میں بلا لیکر احترام کے ساتھ وداعی لیتے۔انہوں نے کہا کہ میں ہمیشہ مثبت باتیں کرتا ہوں اور کوشش کرتا ہوں کہ کسی بھی طرح سے منفی رویہ پھیل نہ سکے لیکن میرا یہ ماننا ہے کہ مجھے یہ کہنا چاہئے۔ بی سی سی آئی کے لئے یہ نقصان ہے کہ انہوں نے دھونی جیسے بڑے کھلاڑی کے ساتھ مناسب سلوک نہیں کیا۔سابق اسپنر نے کہا کہ انہیں اس طرح ریٹائر نہیں ہونا چاہئے۔ میں اعتماد کے ساتھ کہہ سکتا ہوں کہ دھونی کے لاکھوں شائقین اور کرکٹ سے محبت کرنے والے بھی اس بات پر متفق ہوں گے کہ بی سی سی آئی نے دھونی کے ساتھ اچھا سلوک نہیں کیا۔مشتاق نے کہا کہ میں اس کے لئے بی سی سی آئی سے معافی مانگتا ہوں لیکن مجھے اس سے تکلیف بھی ہوتی ہے۔ دھونی جیسے بڑے کھلاڑی کے لئے اس طرح سے ریٹائر ہونا ٹھیک نہیں ہے۔ میرے خیال میں تمام کرکٹرز کا ایک حیرت انگیز الوداعی خواب ہے اور مجھے یقین ہے کہ یہ خواب دھونی کا بھی ہوگا۔


Recent Post

Popular Links