ایڈی یورپا نے آپریشن کنول کے ذریعہ غیر اصولی سیاست کی شروعات کی۔ سدارامیا

RushdaInfotech August 1st 2020 urdu-news-paper
ایڈی یورپا نے آپریشن کنول کے ذریعہ  غیر اصولی سیاست کی شروعات کی۔ سدارامیا

میسور:31/ جولائی (سالارنیوز) ایڈی یورپا نے ریاست میں ’آپریشن کنول‘ کے ذریعہ غیر اصولی سیاست کی شروعات کی۔ انہوں نے غیر اخلاقی طریقہ سے ریاست میں اقتدار حاصل کیا ہے۔یہ الزام اپوزیشن لیڈر سدارامیا نے وزیر اعلیٰ ایڈی یورپا پر لگایا۔ میسور کے پریس کلب میں اخباری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سدارامیا نے کہا کہ ریاست میں ایڈی یورپا اور بی جے پی نے عوام کی حمایت سے اقتدار حاصل نہیں کیا،بلکہ غیر اخلاقی ہتھکنڈے استعمال کرکے اقتدار پر قبضہ کیا ہے۔ ریاست میں گزشتہ اسمبلی انتخابات میں کانگریس پارٹی نے بی جے پی سے زیادہ ووٹ حاصل کئے تھے۔ اس کے باوجود کانگریس پارٹی کو اکثریت نہیں ملی۔ کانگریس پارٹی نے بی جے پی کو اقتدار سے دور رکھنے کے لئے جنتادل ایس سکیولر کے ساتھ ہاتھ ملایا۔ جنتادل ایس کے لیڈر کو ریاست کا وزیر اعلیٰ بتایا، لیکن ایڈی یورپا نے غیر اصولی اور غیر اخلاقی طریقہ سے کانگریس اور جنتادل کے اراکین کو ورغلا کر ریاست میں اقتدار حاصل کیا۔ سدارامیا نے کہا کہ ایک سال کی مدت میں ریاست میں بی جے پی حکومت کے دوران کوئی کام نہیں ہوا۔ایڈی یورپا اور بی جے پی نے اپنا ایک بھی انتخابی وعدہ پورا نہیں کیا۔ مخلوط حکومت نے کسانوں کا قرض معاف کیا تھا۔ بی جے پی حکومت نے کسانوں کو کوئی مدد فراہم نہیں کی۔ ریاست میں سیلاب متاثرین کی امداد کے لئے مرکز سے رقم حاصل کرنے میں ایڈی یورپا ناکام رہے۔ سدارامیا نے کہا کہ ریاست میں کورونا وائرس کے حالات سے نمٹنے میں بھی ریاستی حکومت بری طرح ناکام ہوچکی ہے۔ کورونا وائرس اور لاک ڈاؤن کی وجہ سے ریاست کے کسان مزدور اور عام لوگ پریشانیوں میں مبتلا ہیں، لیکن بی جے پی حکومت بد عنوانیوں میں ملوث ہے۔ کورونا وائرس کی روک تھام کے لئے ہزاروں کروڑوں روپئے کا خرچ بتایا جاتا رہاہے۔ لیکن ضرورت مندوں کو حکومت کی طرف سے کوئی مدد نہیں ملی ہے۔


Recent Post

Popular Links