مچھیروں کیلئے حکومت کی جانب سے ہر ممکن سہولت۔وزیر اعلیٰ

RushdaInfotech August 1st 2020 urdu-news-paper
مچھیروں کیلئے حکومت کی جانب سے ہر ممکن سہولت۔وزیر اعلیٰ

بنگلور:31/جولائی (سالار نیوز) وزیر اعلیٰ بی ایس ایڈی یورپا نے کہا کہ مچھلی پالن اور مچھلی مصنوعات میں کرناٹک کو ملک بھر میں پہلا مقام دلانے کے مقصد کے تحت حکومت نے اسکیم مر تب کی ہے۔وزیر اعلیٰ کے رہائشی دفتر کرشنا میں مچھیروں کے دن کے پیش نظر محکمہ مچھلی پالن کی سرگرمیوں اور اسکیموں کے تعلق سے کتابچہ کا اجراء کر تے ہوئے وزیر اعلیٰ نے اس خیال کا اظہار کیا۔ انہوں نے بتا یا کہ مچھلی کی پیداوار میں کرناٹک کو چو تھا مقام حاصل ہے، اسے پہلے مقام پر لانے مچھیروں کو ہر ممکن امداد فراہم کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ ریاست میں 1.8لاکھ تا2لاکھ مچھلیوں کی پیداوار ہورہی ہے جسے تین گنابڑھا یا جائے گا۔ انہوں نے بتا یا کہ ریاست میں 10لاکھ خاندان اور 40لاکھ افراد مچھلی پالن سے جڑے ہیں۔وزیر اعظم نر یندر مودی نے ساحلی ماہی گیر اور اندرونی ماہی گیر کو فروغ دینے 20,500کروڑ روپئے کے پیکیج کا اعلان کیا ہے جس کے تحت ریاست کے لئے بھی زیادہ امداد حاصل کر نے کی کوشش کی جائے گی۔وزیر برائے مچھلی پالن کوٹا سرینواس پجاری نے کہا کہ ایڈی یورپا کی قیادت والی ریاستی حکومت کے بر سراقتدار آنے کے بعد مچھیروں کے قرضوں کی معافی،نئے قرضے سمیت کئی اسکیموں کو جاری کیا گیا ہے اور بندرگاہوں کی ترقی کے اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔انہوں نے بتا یا کہ ساحلی علاقوں میں سر پر اٹھا کر مچھلی فروخت کرنے والی خواتین کو دوپہیہ والی موٹر گاڑیاں فراہم کی گئی ہیں۔اس موقع پر ماہی گیری کے دوران ڈوب کر ہلاک ہوئے مچھیروں کے اہل خانہ کو معاوضہ چیک تقسیم کئے گئے، پروگرام میں ریاستی وزراء آر اشوک،بائرتی بسوا راج،رگھو پتی بھٹ،مچھلی پاکن فیڈریشن کے صدر یشونت سورانا،محکمہ کے سکریٹری کیپٹن منی ونن و دیگر حاضر رہے۔


Recent Post

Popular Links