سوشانت سنگھ کیس سی بی آئی کو منتقل کرنے سے سپریم کورٹ کا انکار

RushdaInfotech July 31st 2020 urdu-news-paper
سوشانت سنگھ کیس سی بی آئی کو منتقل کرنے سے سپریم کورٹ کا انکار

نئی دہلی،30 جولائی (آئی این ایس) بالی ووڈ اداکار سوشانت سنگھ راجپوت کی موت کے معاملے میں مرکزی جانچ ایجنسی سی بی آئی سے تحقیقات کا مطالبہ کرنے والی درخواست کو سپریم کورٹ نے خارج کردیا۔ عدالت نے کہا کہ وہ اس عرضی پر سماعت نہیں کرے گی۔ عرضی کو مسترد کرتے ہوئے سپریم کورٹ کے چیف جسٹس ایس اے بوبڈے نے یہ بھی کہا کہ ممبئی پولیس اس معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے، اس کی تحقیقات ہونے دیں۔واضح رہے کہ سپریم کورٹ میں الکا پریا نامی ایک درخواست گزار نے سوشانت راجپوت کی موت کے معاملے کو ممبئی پولیس سے سی بی آئی کومنتقل کرنے کے لئے درخواست دائر کی تھی۔ اس پر سپریم کورٹ نے کہا کہ وہ اس درخواست کی سماعت نہیں کریں گے۔عدالت نے عرضی مسترد کرتے ہوئے کہا کہ درخواست گزار کو بمبئی ہائی کورٹ جانا چاہئے۔ عدالت نے کہا کہ اس کا اس بات سے کوئی لینا دینا نہیں ہے کہ کوئی شخص اچھا تھا یا برا۔ یہ دائرہ اختیار کے بارے میں بھی ہے۔ اگر آپ کے پاس دکھانے کے لیے کچھ ٹھوس ثبوت ہے تو بامبے ہائی کورٹ جائیں۔واضح رہے کہ سوشانت سنگھ راجپوت کی 14 جون کو ان کے ممبئی اپارٹمنٹ میں موت ہوگئی تھی۔ ممبئی پولیس کا کہنا ہے کہ اس نے خودکشی کی تھی، لیکن اس کی تحقیقات میں کچھ حقائق سامنے آئے ہیں، جس کی وجہ سے بہت سے لوگ خودکشی کے امکان سے انکار کر رہے ہیں اور اس معاملے میں سی بی آئی تحقیقات کا مطالبہ ہو رہا ہے۔
اسی کے ساتھ ہی بہت سی سیاسی جماعتوں نے اس معاملے کی سی بی آئی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔


Recent Post

Popular Links