نسیم شاہ کی بولنگ پر 2 قومی بلے باز زخمی پیسر نے فواد عالم کے ہیلمٹ پر باؤنسر مارا، امام الحق کا ہاتھ زخمی کیا

RushdaInfotech July 29th 2020 urdu-news-paper
نسیم شاہ کی بولنگ پر 2 قومی بلے باز زخمی پیسر نے فواد عالم کے ہیلمٹ پر باؤنسر مارا، امام الحق کا ہاتھ زخمی کیا

ڈربی۔28جولائی(یو این این)پاکستان کرکٹ ٹیم کے نوجوان فاسٹ بولر نسیم شاہ نے پریکٹس میچز میں 3کھلاڑیوں کو زخمی کرکے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے کہ اگر انہیں بچہ سمجھا گیا تو واقعی بہت بڑی غلطی ہو جائے گی۔ تفصیلات کے مطابق انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ اور ٹی 20 سیریز کھیلنے کیلئے برطانوی سرزمین پر موجود قومی ٹیم کے درمیان کھیلے گئے4روزہ انٹراسکواڈ میچ میں قومی ٹیم کے نوجوان فاسٹ بولر نسیم شاہ نے اپنی دھواں دار بولنگ سے قومی ٹیم کے 3کھلاڑیوں کو زخمی کر کے انگلش ٹیم کو خبردار کر دیا ہے۔ڈربی میں جاری پریکٹس میچ میں گزشتہ روز نسیم شاہ نے اوپنر امام الحق کو زخمی کیا جس کے نتیجے میں وہ ہسپتال پہنچ گئے تاہم ڈاکٹرز کے مطابق انکی انجری خطرناک نوعیت کی نہیں ہے اور وہ آرام کے بعد کل بیٹنگ کیلئے میدان میں اترسکتے ہیں۔اس سے پہلے وہ اوپنر عابد علی بھی فیلڈنگ کے دوران زخمی ہو گئے ہیں جبکہ تجربہ کار بلے باز فواد عالم بھی نسیم شاہ کی طوفانی گیندوں کا سامنا نہیں کرسکے اور زخمی ہو گئے تاہم وہ جلد ہی سنبھلنے میں کامیاب رہے اور بعد ازاں بیٹنگ بھی کی۔اسی طرح نسیم شاہ نے تیز گیندوں سے ایک اور بلے باز اسد شفیق کو پریشان کیا لیکن مایہ ناز بلے باز بابر اعظم نے فاسٹ بولرز کی گیندوں کا بہادری سے سامنے کیا البتہ دیگر بلے بازوں کی ناکامی انگلینڈ جیسی ٹیم کیخلاف سیریز سے قبل باعث تشویش ہے تاہم ماہرین کا خیال ہے کہ مصباح اور یونس کی موجودگی سے انہیں بہت مدد ملے گی۔


Recent Post

Popular Links