براڈ کا نیا سنگ میل، 500وکٹ لینے والے ایلیٹ گروپ میں شامل

RushdaInfotech July 29th 2020 urdu-news-paper
براڈ کا نیا سنگ میل، 500وکٹ لینے والے ایلیٹ گروپ میں شامل

مانچسٹر، 28جولائی (یو این آئی) انگلینڈ کے فاسٹ بولر اسٹورٹ براڈ نے ٹسٹ کرکٹ میں 500 وکٹ کے حصول کی کامیابی حاصل کرلی ہے۔34 سالہ براڈ نے ویسٹ انڈیز کے خلاف تیسرے اور آخری ٹسٹ میچ کے پانچویں اور آخری روز منگل کو کریگ بریتھویٹ کو آؤٹ کرتے ہوئے اپنا 500 واں شکار کیا اور 500 ٹسٹ وکٹ لینے والے گیند بازوں کے ایلیٹ کلب میں شامل ہوگئے۔ براڈ نے اپنے 140 ویں ٹسٹ میں یہ کارنامہ انجام دیا۔براڈ ٹسٹ کرکٹ میں 500 وکٹیں لینے والے دنیا کے چوتھے گیند باز اور مجموعی طور پر ساتویں گیند باز بن گئے ہیں۔ وہ یہ کارنامہ انجام دینے والے انگلینڈ کے دوسرے بولر ہیں۔ اس سے قبل جیمز اینڈرسن نے یہ کارنامہ انجام دیا تھا۔ یہ بات بھی دلچسپ ہے کہ اینڈرسن کا 500 واں شکار ویسٹ انڈیز کے کریگ بریتھویٹ ہی تھے اور براڈ نے بھی بریتھویٹ کو ہی اپنا 500 واں شکار بنایا۔ٹسٹ کرکٹ میں 500 وکٹ کے کلب میں سری لنکا کے متھیا مرلی دھرن 800، آسٹریلیا کے شین وارن 708، ہندوستان کے انل کمبلے 619، انگلینڈ کے جیمز اینڈرسن 589، آسٹریلیا کے گلین میک گراتھ 563 اور ویسٹ انڈیز کے کورٹنی والش 519 شامل ہیں۔براڈ ٹسٹ کرکٹ میں 500 وکٹیں لینے کے معاملے میں دوسرے بولرز سے سست رہے ہیں۔ مرلی نے 87 ٹسٹ، کمبلے 105 ٹسٹ، وارن نے 108ٹسٹ، میک گراتھ 110 ٹسٹ، والش اور اینڈرسن نے 129 ٹسٹ میں 500 وکٹیں مکمل کیں جبکہ براڈ نے 140ٹسٹ میں 500 وکٹیں مکمل کیں۔چھ فٹ پانچ انچ قد والے براڈ نے دسمبر 2007میں سری لنکا کے خلاف کولمبو میں اپنے ٹسٹ کیریئر کا آغاز کیا تھا۔ براڈ کو ونڈیز کے خلاف تین میچوں کی سیریز کے پہلے ٹسٹ سے باہر کردیا گیا تھا جس پر براڈ نے کافی ناراضگی کا اظہار کیا تھا۔ انگلینڈ پہلا ٹسٹ ہار گیا تھا۔دوسرے ٹسٹ میں براڈ کو ٹیم میں جگہ ملی اور دونوں اننگز میں تین تین وکٹیں حاصل کیں۔ انگلینڈ نے یہ میچ جیتا۔ انہوں نے تیسرے ٹسٹ کی پہلی اننگز میں چھ وکٹوں کے ساتھ اپنی وکٹ کی تعداد 497 کرلی تھی۔ انہوں نے ونڈیز کی دوسری اننگز میں اپنی تیسری وکٹ حاصل کرتے ہوئے 500وکٹیں مکمل کیں۔براڈ کی پہلی وکٹ چمنڈا واس، 100ویں وکٹ پرسنا جئے وردھنے، 200 ویں وکٹ کرس راجرز، 300 ویں وکٹ اسٹیون اسمتھ، 400ویں وکٹ بی جے واٹلنگ اور 500ویں وکٹ بریتھویٹ رہے۔


Recent Post

Popular Links