ون ڈے کارکردگی، ٹسٹ کرکٹ میں روہت کی مدد کرے گی:پٹھان

RushdaInfotech July 29th 2020 urdu-news-paper
ون ڈے کارکردگی، ٹسٹ کرکٹ میں روہت کی مدد کرے گی:پٹھان

نئی دہلی،28جولائی (یو این آئی)ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق آل راؤنڈر عرفان پٹھان نے ٹسٹ میچوں میں روہت شرما کو بطور سلامی بلے باز کھلائے جانے کی وکالت کرتے ہوئے کہا ہے کہ روہت شرما ٹسٹ کرکٹ میں بھی وریندر سہواگ جیسی ذمہ داری بخوبی انجام دے سکتے ہیں۔عرفان پٹھان نے اسٹار اسپورٹس شو کرکٹ کنکٹڈ میں کہا کہ ہمیں روہت شرما کی ٹسٹ کرکٹ میں بھی ڈبل سنچری دیکھنے کو ملی۔ ون ڈے کرکٹ میں اوپنر کی حیثیت سے آنے کے بعد ہم ان کی اننگز اور ڈبل سنچری پہلے ہی دیکھ چکے ہیں۔ آنے والے سالوں میں وہ جتنے زیادہ میچ کھیلیں گے وہ وریندر سہواگ کی طرح اثر ڈالیں گے۔ پچھلے دو سالوں میں ہم نے روہت شرما کا ایک مختلف روپ دیکھا ہے۔ وہ شخص جو سنچری کے بعد سنچری بنا رہا ہے۔ ون ڈے میں ان کی کارکردگی آنے والے برسوں میں ٹسٹ کرکٹ میں ان کی مدد کرے گی۔عرفان پٹھان نے کہا ہے کہ ون ڈے میں اوپنر کی حیثیت سے روہت کو کامیابی سے انہیں ٹسٹ کرکٹ میں بھی بلندی تک پہنچانے میں مدد ملے گی۔ تاہم ابھی روہت کی عمر 33 سال ہے۔ ایسی صورتحال میں وہ وریندر سہواگ کی کامیابی کب تک حاصل کرتے ہیں یہ ایک بہت بڑا سوال ہے۔ روہت اب تک صرف 32 ٹسٹ کھیلے ہیں جبکہ سابق اوپنر سہواگ نے 104 ٹسٹ کھیلے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ حال ہی میں جب ہم روہت شرما کو ٹسٹ کرکٹ میں اوپنر کی حیثیت سے کھیلتے ہوئے دیکھتے تھے۔ ان کا سارا ٹسٹ کیریئر اوپننگ میں مختلف نظر آنے لگا۔ جب وہ مڈل آرڈر میں کھیلتے تھے تو وہ اس انداز سے نہیں کھیل پاتے تھے جیسی ان سے امید کی جاتی تھی۔ روہت شرما ون ڈے کرکٹ میں چمپئن ہیں۔ وہ ون ڈے کرکٹ کی تاریخ میں میرے لئے تین ٹاپ بلے بازوں میں سے ایک ہیں۔ لیکن اگر ہم ٹسٹ کرکٹ کی بات کریں تو وہ تھوڑا پیچھے ہیں کیونکہ وہ شاید زیادہ ٹسٹ میچ نہیں کھیل پائیں۔روہت نے اپنے ٹسٹ کیریئر کا آغاز 2013 میں مڈل آرڈر بیٹسمین کے طور پر کیا تھا۔ گذشتہ سال روہت نے جنوبی افریقہ کے خلاف ٹسٹ کھیلا تھا اور تین ٹسٹ میچوں کی سیریز میں شاندار 529 رن بنائے تھے۔ بطور ٹسٹ اوپنر روہت شرما نے دو سنچریاں بنائیں اور ایسا کرنے والے پہلے بلے باز بھی بن گئے۔ ایسی صورتحال میں عرفان پٹھان کو یقین ہے کہ روہت شرما میں رن کی زبردست بھوک ہے جس کی وجہ سے وہ ٹسٹ کرکٹ میں بھی ترقی کی منازل طے کرسکیں گے۔ انہوں نے روہت شرما کے ون ڈے میچوں میں بطور اوپنر کھیلنے کے تجربے کو مفید قرار دیا۔


Recent Post

Popular Links