حافظ سعید کی نظربندی :توسیع کی پاکستانی درخواست واپس

حافظ سعید کی نظربندی :توسیع کی پاکستانی درخواست واپس

اسلام آباد۔15اکتوبر ( آئی این ایس)پاکستانی حکومت کی طرف سے جماعت الدعوہ کے بانی اور امریکہ کو مطلوب عسکریت پسند رہنما حافظ سعید کی ان کے گھر پر نظر بندی میں توسیع کی درخواست واپس لے لی گئی ہے۔ یہ بات جماعت الدعوہ کے ایک ترجمان نے بتائی۔پاکستانی صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور سے ہفتہ 14 اکتوبر کوملی خبررساں ایجنسی اسوسی ایٹڈ پریس (اے پی)کی رپورٹوں کے مطابق جماعت الدعوہ کے ترجمان یحییٰ مجاہد نے بتایا کہ پاکستانی حکومت نے آج ہفتے کے دن وہ قانونی درخواست واپس لے لی، جس میں حافظ سعید کی ان کے گھر پر نظر بندی میں توسیع کی اپیل کی گئی تھی۔واپس لیے جانے سے قبل پاکستانی حکام نے اس درخواست میں جو اپیل کی تھی، اس میں ایک مقامی عدالت سے کہا گیا تھا کہ وہ حافظ سعید کی نظر بندی میں مسلسل پانچویں بار بھی توسیع کر دے۔حافظ سعید اس وقت اپنے گھر پر نظر بند ہیں اور ان کے خلاف ایک مقامی عدالت کی طرف سے جاری کردہ گزشتہ حکم کے مطابق وہ رواں ماہ کے آخر تک اپنے گھر پر نظر بند ہی رہیں گے۔حافظ سعید جماعت الدعوہ کے سربراہ ہیں، جو بظاہر ایک اسلامی فلاحی تنظیم ہے لیکن اسے زیادہ تر لشکر طیبہ نامی اس عسکریت پسند گروپ کا نیا تنظیمی چہرہ سمجھا جاتا ہے، جس پر2008 میں ممبئی میں کئے گئے عسکریت پسندانہ حملوں کا الزام لگایا جاتا ہے۔ قریب9 برس قبل ممبئی میں کیے گئے ان حملوں میں متعدد امریکی شہریوں سمیت 166افراد مارے گئے تھے۔حافظ سعید کو ان کے چار دیگر ساتھیوں کے ہمراہ اس سال جنوری میں ان کے گھر پر نظر بند کر دیا گیا تھا۔ امریکہ نے حافظ سعید کی گرفتاری میں مدد اور انہیں سزا دلوانے میں معاون ثابت ہونے والی کسی بھی فیصلہ کن معلومات کی فراہمی کے لیے 10 ملین ڈالر کے انعام کا علان کر رکھا ہے۔



Like us to get latest Updates