ایشیاء کپ ہاکی ٹورنمنٹ کاآغاز ہندوستان کی جاپان پر 5-1 سے شاندار جیت

ایشیاء کپ ہاکی ٹورنمنٹ کاآغاز ہندوستان کی جاپان پر 5-1 سے شاندار جیت

ڈھاکہ، ۱۱ اکتوبر (یواین آئی) ہرمن پریت کور کے دو گولوں اور ایس وی سنیل، رمن دیپ سنگھ اور للت اپادھیائے کے ایک ایک گول سے ہندوستان نے ایشیا کپ ہاکی ٹورنمنٹ میں بہترین شروعات کرتے ہوئے جاپان کو اپنے پہلے میچ میں پانچ ۔ایک کے بڑے فرق سے جیت درج کی۔ ہندوستان کے نئے کو چ شوارڈ مرینے نے اس طرح کوچ کے طور پراپنی فاتحانہ مہم کی شروعات کی۔ سنیل نے تیسرے منٹ میں ہندوستان کو سبقت دلائی جبکہ للت نے22 ویں منٹ میں ٹیم کا دوسرا گول کیا۔ رمن دیپ نے 33ویں منٹ میں اسکور تین ۔ایک کردیا۔ ہرمن پریت نے35 ویں اور 45 ویں منٹ میں دو گول کرکے اسکور پانچ ۔ایک کردیا۔ جاپان کا واحد گول کینجی کتازاتو نے چوتھے منٹ میں کیا۔ ہرمن پریت اس میچ میں اپنی ہیٹ ٹرک پوری کرسکتے تھے لیکن جاپانی گول کیپر ان کے سامنے آگئے ۔ ہندوستان کا اگلا مقابلہ میزبان بنگلہ دیش سے 13 اکتوبر کو ہوگا جبکہ وہ15 اکتوبر کو دیرینہ حریف پاکستان کا سامنا کریں گے ۔دنیا کی چھٹے نمبر کی ٹیم ہندوستان نے میڈفیلڈر من پریت سنگھ کی قیادت میں پول ایک مقابلے میں پوری طرح اپنی گرفت مضبوط رکھی۔ حالانکہ میچ کی شروعات حیرت انگیز رہی۔ ہندوستان کو تیسرے ہی منٹ میں سنیل نے سبقت دلائی۔ لیکن اگلے ہی منٹ میں کتازاتو نے شاندار مووبناتے ہوئے ہندوستانی سرکل میں داخلہ حاصل کیا اور جاپان کے لئے برابری کا گول کیا۔ پہلے کوارٹر تک دونوں ٹیمیں ایک ایک سے برابر تھیں۔ دوسرے کوارٹرمیں للت نے شاندار کارکردگی پیش کرتے ہوئے ہندوستان کو دو۔ایک سے آگے کردیا۔ ان کے شاٹ نے جاپانی گول کیپر کو حیرت زدہ کردیا۔ ایک گول کی سبقت بنانے کے بعد ہندوستانی ٹیم جاپان پر حاوی ہوگئی اور اس نے حریف ٹیم پر دباؤ بنایا۔ تیسرا کوارٹر شروع ہوتے ہی رمن دیپ نے ہندوستان کی جانب سے تیسرا گول کیا۔ رمن دیپ کی رفتار اتنی تیز تھی کہ جاپانی کھلاڑیوں کو محسوس ہوا کہ گیند سائیڈ نیٹ سے ٹکرائی ہے ۔ ویڈیو امپائر نے ہندوستان کے تیسرے گول کی تصدیق کی۔ ہرمن پریت نے پنالٹی کارنر پر ہندوستان کا چوتھا گول کیا۔ ہرمن پریت نے پھر ہندوستان کے تیسرے پنالٹی کارنر پر اپنا دوسرا اور پانچواں گول کرکے جاپان کی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔ ہندوستان کو آخری منٹ میں دو پنالٹی کارنر ملے لیکن جاپان کے گول کیپر نے ہرمن پریت کو ہیٹ ٹرک بنانے سے روک دیا۔



Like us to get latest Updates