ساؤتھ ڈویژن پولیس کے ہاتھوں ملزمین کی گرفتاری لاکھوں روپئے مالیت کے زیورات۔گاڑیاں اور الیکٹرانک اشیاء ضبط

ساؤتھ ڈویژن پولیس کے ہاتھوں ملزمین کی گرفتاری لاکھوں روپئے مالیت کے زیورات۔گاڑیاں اور الیکٹرانک اشیاء ضبط

بنگلورو۔11؍اکتوبر (سینئر رپورٹر) پتہ پوچھنے کے بہانے تنہا خواتین کے زیورات لوٹ کر فرار ہونے والے ایرانی گینگ کے سید علی نامی لٹیرے کو گرفتارکرکے ساؤتھ ڈویژن پولیس نے چین چھیننے کے 4؍معاملات حل کئے ہیں۔ کلبرگی ایرانی کالونی کا سید علی گزشتہ 2؍اگست کو شہر کے ایس بی ایم کالونی کی روشانامی عورت کی چین چھین کر فرار ہوگیا تھا۔ اس سلسلے میں اوشا کی درج شکایت پر گہری نگر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم علی کی گرفتاری عمل میں لائی ہے۔ گرفتار ملزم سے 3؍لاکھ روپئے مالیت کے 100؍گرام وزنی سونے کے چین ضبط کرلئے ہیں۔ اڈیشنل پولیس کمشنر ملانی کرشنا مورتی نے اخباری کانفرنس کے دوران تفصیلات پیش کرتے ہوئے بتایا کہ ساؤتھ ڈویژن کی کمار سوامی لے آؤٹ پولیس نے سربنڈے پالیہ کے متین (22) جاوید (26) اور پاشا (22) نامی تین ملزمین کو گرفتارکرکے ان کے قبضہ سے 5؍دوپہیہ گاڑیاں ، 3؍موبائل فون،30؍گرام چاندی کی چیزیں ضبط کرلی ہیں۔ ملزمین کی گرفتاری سے چوری کے 5؍معاملات حل کئے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس نے میسور روڈ کے عمران پاشاہ کو گرفتار کرکے اس کے قبضہ سے 22؍لاکھ روپئے مالیت کے 736گرام وزنی سونے کے زیورات ضبط کرلئے ہیں۔ ملزم کی گرفتاری سے کے پی اگراہارا 3؍جے پی نگر ،پٹنہلی، ہنومنت نگر ،کمار سوامی لے آؤٹ پولیس تھانوں میں درج چوری کے 9؍معاملات حل کئے گئے ہیں۔ ملانی کرشنا مورتی نے بتایا کہ چوری کررہے کمار سوامی لے آؤٹ سکینڈ اسٹیج کے پرجول کمار(22) کو کمار سوامی لے آؤٹ پولیس نے گرفتار کرکے اس کے قبضہ سے 85؍ہزار روپئے مالیت کے 30؍گرام سونے کے زیورات ضبط کرلئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ چوری کررہے نیپال کے باشندے رمیش تھاپا (32) کوڈے پالیہ کے بیر بہادر (50) نامی ملزمین کو گرفتار کرکے ان کے قبضہ سے 3؍ لاکھ روپئے مالیت کے 7؍کلو 528 گرام چاندی کے زیورات ضبط کرلئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ کمار سوامی لے آؤٹ کے جے سی انڈسٹرئیل کارخانے میں چوری کرنے والے جے پی نگر کے وینکٹیش (25) روی کمار (24) الیاس نگر کے متوراج (24) جرگینہلی کے سدا (19) کو گرفتار کرکے 3؍لاکھ 40؍ہزار روپئے مالیت کے لیپ ٹاپ، اسکوٹر، ایل سی ڈی، ٹیلی ویژن سمیت دیگر چیزیں ضبط کرلئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ملزمین کارخانے میں چوری کرنے کے علاوہ بسونگڈی کے آر روڈ کی ایک دکان کا رولنگ شٹر توڑ کر چوری بھی کی تھی۔ اڈیشنل پولیس کمشنر نے مزید تفصیلات پیش کرتے ہوئے بتایا کہ جے پی نگر پولیس نے ہوسکرہلی شیشادھری (19) کانت راجو (20) اٹامڈو کے روہت (20) سنجئے (21) پراتاپ (20) کینگیری کے کرشنا (18) سری نگر کے وجئے کمار(23) نامی ملزمین کو گرفتار کرکے ان کے قبضہ سے 4.50لاکھ روپئے مالیت کے 22؍موبائل فون اور لیپ ٹاپس ضبط کرلئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اسی ڈویژن کی کونن کنٹے پولیس نے بیرسندرا کے روشن ضمیر (37) نامی ملزم کو گرفتار کرکے اس کے قبضہ سے 4؍لاکھ روپئے مالیت کے 152گرام سونے کے زیورات ضبط کرلئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وی وی پورم پولیس نے گاڑیوں کی چوری کررہے وسیم اکرم اور چرائی جانے والی گاڑیوں کی خریدی کررہے یوگ راج کو گرفتار کرکے 10.35 لاکھ روپئے مالیت کی 16؍دوپہیہ والی گاڑیاں ضبط کرلی ہیں۔ اسی پولیس نے گریش نامی ایک اور ملزم کو گرفتار کرکے اس کے قبضہ سے 12.49 لاکھ روپئے مالیت کے تین کنٹینر بس اور ایک موٹر سائیکل ضبط کرلی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ملزم بغیر نمبر والی موٹر سائیکل دوڑاتے وقت پولیس کے ہاتھوں پکڑاگیا اور اس سے پوچھ گچھ کے دوران گاڑیوں کی چوری کے معاملات سامنے آئے ہیں۔ ملانی کرشنا مورتی نے بتایا کہ لال صندل کی لکڑی چوری کرکے اپنے ساتھ لے جارہے تمل ناڈو کے ستیا ویلو نامی چور کر گرفتار کرکے وی وی پورم پولیس نے اس کے قبضہ سے 8.58 لاکھ روپئے مالیت کی 429 کلو لال صندل کی لکڑی ضبط کرلی ہے۔ پولیس نے ویلو کی اطلاع پراس کے مزید تین ساتھیوں کی تلاش کررہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ہنومنت نگر پولیس نے مکان کے مالک کے گھر میں زیورات چوری کرنے والے راجستھان کے کیشورام نامی ملزم کو گرفتار کرکے اس کے قبضہ سے 6.18 لاکھ روپئے مالیت کے سونے کے زیورات ضبط کرلئے ہیں۔ اڈیشنل پولیس کمشنر نے ساؤتھ ڈویژن پولیس کی اس کارروائی پر انہیں مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کی حوصلہ افزائی کی۔ اس موقع پر ڈی سی پی، ڈاکٹر ایس پی شرنپا بھی موجود تھے۔



Like us to get latest Updates