سرمائی اسمبلی سیشن بیلگاوی میں 13؍نومبر سے شروع ہوگا

سرمائی اسمبلی سیشن بیلگاوی میں 13؍نومبر سے شروع ہوگا

بنگلورو۔11؍اکتوبر (چیف رپورٹر) سرمائی اسمبلی سیشن 7؍نومبر کی بجائے 13؍نومبر سے شروع کرنے کا آج ریاستی کابینہ اجلاس میں فیصلہ کیاگیا ہے۔ یہاں منعقدہ کابینہ اجلاس کے بعد ریاستی وزیر برائے قانون ٹی بی جئے چندرا نے نامہ نگاروں کو بتایاکہ اس سے قبل سرمائی اسمبلی سیشن 7؍نومبر سے شروع کرنے کا فیصلہ کیاگیا تھا لیکن 25؍اور26؍اکتوبر کو ودھان سودھا کی ڈائمنڈ جوبلی تقریبات منعقد ہورہی ہیں اس لئے سرمائی سیشن 7؍نومبر کی بجائے 13؍نومبر سے شروع کرنے کا فیصلہ کیاگیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سرمائی سیشن دس دن چلانا طے پایا ہے نامہ نگاروں کے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ سرمائی سیشن بلگاوی میں منعقد ہوگا۔ ریاست کے آئی ٹی آئی اداروں میں زیرتعلیم 40؍ہزار سے زیادہ درج فہرست ذات اور قبائلی طلباء کو کوشلیا ترقیاتی اسکیم کے تحت ایم ایس آئی ایل کے ذریعہ لکھنے کی اشیاء فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کے لئے 11؍کروڑ 13؍لاکھ روپئے فراہم کئے جائیں گے۔ اسی طرح ایک خصوصی اسکیم کے تحت آئی ٹی آئی اداروں میں زیرتعلیم 21؍ہزار سے زیادہ عام طلباء کو 6؍کروڑ روپئے سے زیادہ مالیت کے شو اور ساکس فراہم کئے جائیں گے۔ سرکاری امداد والے آئی ٹی آئی اداروں میں زیر تعلیم ایس سی اور ایس ٹی طلباء کو یہ سہولت نہیں ہوگی۔ اس لئے انہیں اس کے لئے فی کس 1545؍ روپئے فراہم کئے جائیں گے۔ 



Like us to get latest Updates