جے شاہ پرعائد الزامات بے بنیاد:راج ناتھ

جے شاہ پرعائد الزامات بے بنیاد:راج ناتھ

نئی دہلی۔10اکتوبر(یواین آئی)مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی )کے صدر امیت شاہ کے بیٹے جے شاہ پر مبینہ بدعنوانی کے الزامات کو بے بنیاد قراردیتے ہوئے آج کہا کہ اس طرح کے الزامات پہلے بھی لگائے گئے ہیں اور ان کی جانچ کی ضرورت نہیں ہے ۔مسٹر جے شاہ کی کمپنی کے سوالوں کے گھیرے میں آنے کے بعد بی جے پی کے کئی رہنماؤں نے انکا دفاع کیا ہے اور اسی کڑی میں مسٹر سنگھ نے بھی آج انکا دفاع کیا ہے ۔قومی تفتیشی ایجنسی (این آئی اے ) کے یہاں نئے ہیڈکوارٹر کا افتتاح کرنے کے موقع پر جب صحافیوں نے ان سے بی جے پی صدر کے بیٹے پر عائد الزامات کے بارے میں پوچھا تو انھوں نے کہا کہ یہ بے بنیاد الزامات ہیں ۔اس طرح کے الزامات پہلے بھی لگتے رہے ہیں انکی جانچ کی ضرورت نہیں ہے۔ایک میڈیا رپورٹ میں مسٹر جے شاہ کی کمپنی ٹمپل انٹر پرائزیز پرائیویٹ لمیٹڈ پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا گیا ہے کہ2015میں اس کمپنی کا ٹرن اوور صرف50ہزار روپئے تھا جو سال2015-16میں بڑھ کر80کروڑ50لاکھ روپئے تک پہنچ گیا۔اس کے علاوہ کمپنی کو ضابطوں کی خلاف ورزی کرکے بغیر گارنٹی کے15کروڑ روپئے کا قرض بھی دیا گیاہے ۔ان الزامات کو بی جے پی نے بھی جھوٹا اور پارٹی قیادت کو بدنام کرنے والا بتاتے ہوئے کہا ہے کہ مسٹر جے شاہ نجی حیثیت والے شخص ہیں اور ان کے کاروبار کاکسی بھی سرکاری ایجنسی سے کوئی لینا دینا نہیں ہے ۔ان کا کام پوری طرح سے شفاف اور قانون کے مطابق ہے ۔وہ مالی لین دین شفاف رکھنے کے ساتھ پورا ٹیکس ادا کرتے ہیں ۔



Like us to get latest Updates